بند کئے گئے اسکول شروع کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی جمعہ کوخصوصی نشست:ناگیش

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کوویڈ اور اومیکرون کی وباء میں اضافہ ہونے کے امکانات کودیکھتے ہوئے بنگلورو سمیت کئی علاقوں میں بندکئے جاچکے تعلیمی اداروں کے دوبارہ آغازکے تعلق سے21 جنوری کو خصوصی نشست کا اہتمام کیاجائیگا،جس کی صدارت وزیر اعلیٰ کرینگے۔اس بات کااظہار ریاستی وزیر برائے ثانوی تعلیم بی سی ناگیش نے کیاہے۔انہوں نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کوویڈکے کیسس کی شرح میں پچھلے کچھ دنوں سے کمی آئی ہے،باوجوداس کے احتیاطی طو رپر ریاست کے کئی علاقوں میں اسکول بندکئے گئے ہیں،طلباء میں یہ وباء نہ پھیلے اسی لئے اسکول بندکروائے گئے تھے،اب اسکولوں کے دوبارہ آغازکیلئے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں نشست منعقدکی گئی ہے اور اس کے منفی ومثبت امکانات کے تعلق سے تبادلہ خیال کیاجائیگا۔اسکولوں کو بند کرنے کیلئے ٹیکنیکل ٹیم نے تجویز پیش کی تھی ،باوجود اس کے تیسری لہرکے امکانات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیاگیاتھا۔طلباء کی صحت کو دیکھتے ہوئے اسکول بندکرنے کیلئےفیصلہ لیاگیاتھا۔ اسکولوں کو بند نہ کرنے کیلئے پرائیوئٹ اسکول اسوسیشن نے گذارش کی ہے۔اب یہ دیکھا جائیگاکہ کون کونسے اسکولوں میں کتنے پازیٹیو کیسس آئے ہیں،اگر اسکولوں میں کیسس زیادہ ہوئے ہیں تو اُن علاقوں میں اسکول بندکرنے کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کودئیے گئے ہیں،بقیہ علاقوں میں کوویڈکے حالات کاجائزہ لیتے ہوئے فیصلہ لیاجائیگا۔فی الوقت بندکئے گئے اسکولوں کو دوبارہ شروع کرنے کی پہل کی جارہی ہے۔پانچویں جماعت سے اوپرکی جماعتوں کیلئے اسکول شروع کرنے کیلئے سنجیدگی سے فیصلہ لیاجارہاہے۔آخری فیصلہ جمعہ کےدن لیاجائیگا۔اس کے علاوہ اچانک اسکول بند کرنا ہمارے لئے بہترنہیں ہوگا،تمام معاملات کی باریکیوں کو دیکھتے ہوئے فیصلے لینے ہونگے۔طلباء کی صحت اور بہتری کو دیکھتے ہوئے والدین کے ساتھ مشورہ کرنے کے بعد یہ فیصلے لئے جائینگے۔