شیموگہ:۔تملناڈو کو کاویری کاپانی جاری کرنے کے معاملےمیں ریاستی حکومت نے لاپرواہی کامظاہرہ کیاہے،اگر حکومت نے سنجیدگی سے اس مسئلے کو حل کرنےکا فیصلہ لیاہوتاتو یہ تنازعہ پیدانہیں ہوتا۔اس بات کااظہار شکاری پو ر اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی بی وائی وجیندرانے کیاہے۔انہوں نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اگر ریاستی حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں مناسب دعویداری کی جاتی تو یہ حالات پیدا نہیں ہوتے،حکومت نے اس معاملے میں ریاست کے کسانوں کا بھروسہ گنواں دیاہے۔ایک طرف بنگلورو بند کاانعقا د کیاگیاہے تو دوسری جانب منڈیا میں احتجاجات جاری ہیں،لیکن ریاستی حکومت کے وزراء اس معاملے کو لیکر لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔افسوسناک بات یہ ہے کہ گیارنٹیوں کی بنیادپر حکومت میں آنےوالی کانگریس نے کسانوں کو کسی بھی طرح کی گیارنٹی نہیں دی ہے۔ملک کے وزیر اعظم نریندرمودی نےملک کو وشواگرو بنانے کا فیصلہ کیاہے،ایسے میں جے ڈی ایس نے بی جے پی کے ساتھ اشتراک کیاہے۔جے ڈی ایس کایہ قدم قابل ستائش ہے،آنےوالے دنوں میں مرکزمیں دوبارہ بی جے پی کی حکومت اقتدارمیں آئیگی۔
