شیموگہ: وزارتی عہدے سے زیادہ میرے لئےپارٹی کا اتحاداورپارٹی کی مضبوطی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار وزیر کے ایس ایشورپانے کیا ہے۔ انہوں نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں سب کچھ نظم و نسق کے تحت چلتا ہے۔یہاں پارٹی ہائی کمان کی باتوں پر عمل کیا جاتا ہے اوروہ جو کہیںگے وہ ہم کو قبول ہونا چاہئے۔ ہم سب پارٹی کے وفادار ہیں،اگر وہ کہیں گے کہ وزارتی عہدہ چھوڑ کر پارٹی تنظیم میں شامل ہوجائیں تو ہمیںجانا چاہئے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بی جے پی میں ریاستی صدر کا عہدہ خالی نہیں ہے۔ اس عہدے پر فائز نلین کمارکٹیل اپنی ذمہ داری کوپوری ایمانداری کے ساتھ نبھارہے ہیں۔ وہ جب سے ریاستی صدر کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں کرناٹک میں بہت سے جگہوں پر بی جے پی نے فتح حاصل کی ہے۔ گرام پنچایت، ودھان سبھا ، کارپوریشن انتخابات سمیت بی جے پی نے 17 ضمنی انتخابات میں 15انتخابات میں جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ لہٰذا کٹیل کواس عہدے سے تبدیل کرنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی ایم بومائی کی قیادت میں ریاستی حکومت اچھا کام کررہی ہے۔ ترقیاتی کام مسلسل جاری ہیں۔ ریاست میں کوویڈ کنٹرول میں ہے،شیموگہ ضلع میں اسکولوں کو چھٹی نہیں دی گئی ہے بلکہ اسکولوں کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ کچھ اسکولوں میں کوویڈ کے معاملے بڑھنے کی وجہ سے اسکولوں کو تعطیل دی گئی ہے۔ جملہ طور پر اسکولوں کی صورتحال کی مناسبت سے تعطیل کا اعلان کرنےکیلئے وزیرموصوف نے اپیل کی ہے۔ بی جے پی میں 4وزراء کے عہدےخالی ہیں۔ انہیں پُر کرنے کی ضرورت ہے۔ عام طور پر وزراء کے عہدے کیلئے امیدواروں کی تعدادزیادہ ہے، قائدین اس بارے میں فیصلہ کرتے ہوئے وزارت کی توسیع کریںگے۔
