جرائم پرقابوپانے کیلئے پولیس بیٹ میں اضافہ کیاجائیگا؛وزیر داخلہ

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔ضلع میں پچھلے دو سالوں کے مقابلے میں امسال جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے،مزید جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس بیٹ میں اضافہ کیاجائیگا۔اس بات کااظہار وزیر داخلہ ارگا گیانیندرانے کیاہے۔انہوں نے آج پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہاکہ جرائم پر قابوپانے کیلئے بیٹ اور گشت میں اضافہ کیاجائیگا۔گائوکشی کے معاملات میں کمی آئی ہے،جانوروں کی تسکری پر کافی حد تک قابوپایاگیاہے،گانجہ اور ڈرگس کے خلاف پولیس نے مہم شروع کی ہے جس کااچھا اثر پڑرہاہے۔اس وقت گانجہ فروخت کرنے والوں کے علاوہ استعمال کرنے والوں پر ہی شکنجہ کسا جارہاہے،جن علاقوں میں گانجے کی پیداوار ہورہی تھی وہاں پر پولیس کی سختی ہے ، ریت،پتھروں کی کانکنی اور رئیل ایسٹیٹ مافیاکے خلاف بھی پولیس سخت ہوچکی ہے،پولیس انتظامات قابل اطمینان ہیں،بحیثیت وزیرداخلہ میرے ضلع میں قانونی نظم ونسق بحال رہے اور جرائم پر قابو پایاجائے تو یہی ہمارے لئے خوشی کی بات ہے۔سرکل انسپکٹرکے تھانوں میں اہلکاروں کی کمی ہے ، اس کے علاوہ 32 پولیس انسپکٹروں کی تعیناتی باقی ہے ، ریاست میں465 افراد نے پی ایس آئی کا امتحان لکھا ہے جبکہ405 اہلکاروں کے نتائج آچکے ہیں۔مزید4ہزار پولیس کانسٹیبلوں نے امتحان لکھا جن کے نتائج آتے ہی ان کی تقرری کی جائیگی۔پولیس اہلکاروں کو کواٹرس بھی دیاجارہاہے اور پولیس تھانوں کی عمارتوں کو مزید بہتربنانے کیلئے200 کروڑ روپیوں کابجٹ دیاگیاہے جس میں100 نئے پولیس تھانے بھی عمل میں آئینگے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس آئی کے امتحان کیلئے ایک لاکھ نوجوانوں نے امتحان دیاتھا جس میں400 نوجوان منتخب ہوئے ہیں۔دریں اثناء انہوں نے کہاکہ سود خوری کے دھندے میں ملوث افرادکوبھی قابو لانے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔پریس کانفرنس میں آئی جی پی ستیش کمار،ایس پی لکشمی پرساد اور اڈیشنل ایس پی وکرم آمٹے موجودتھے۔