دہلی:۔ 2020 تک ملک بھر کی مختلف جیلوں میں سزائے موت کے 413 قیدی بند تھے۔ یہ اطلاع مرکزی حکومت کے نئے اعداد و شمار سے ملی ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے سالانہ ‘جیل کے اعدادوشمار انڈیا 2020 میں کہا گیا ہے کہ سزائے موت پانے والے کل قیدیوں میں سے 94 کو 2020 میں موت کی سزا سنائی گئی۔ وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والے این سی آر بی نے کہا کہ 2020 میں 29 مجرموں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیاکہ 2020 کے دوران ملک میں کل 94 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی۔ ان 94 قیدیوں میں اتر پردیش اور راجستھان سے 15-15، مغربی بنگال کے 14، بہار کے 8 اور جھارکھنڈ اور تمل ناڈو کے 6-6افراد شامل تھے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جن 29 مجرموں کی موت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کیا گیا تھا، ان میں سے 24.1 فیصد مہاراشٹر سے تھے۔ اس کے بعد راجستھان اور تامل ناڈو میں بالترتیب پانچ اور 17.2 فیصد قیدی تھے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ موت کی سزا پانے والے کل 413 مجرم (بشمول 319 پچھلے سالوں میں سزائے موت کے مجرم اور 2020 میں 94) مختلف جیلوں میں بند تھے، جو کہ کل سزا پانے والوں کا 0.36 فیصد ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اتر پردیش میں سب سے زیادہ 12.8 فیصد (413 میں سے 53) ایسی سزائیں سنائی گئیں۔ اس کے بعد 11.9 فیصد (49) کے ساتھ مہاراشٹر اور 9.7 (40) فیصد کے ساتھ مدھیہ پردیش کا نمبر آتا ہے۔
