لکھنو:۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کرارا جواب دیا ہے، جنہوں نے کرناٹک میں حجاب پر جاری تنازعہ کے درمیان ہندوستان کو لیکچر دینے کی کوشش کی تھی۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسدالدین اویسی نے پڑوسی ملک کو اپنے کام سے مطلب رکھنے کی صلاح دی ہے۔ اویسی نے کہا کہ جو ملک ملالہ کی حفاظت نہیں کر سکتا وہ لڑکیوں کی تعلیم پر ہندستان کو تبلیغ نہ کرے۔ اویسی نے کہا، پاکستان کو لڑکیوں کی تعلیم پر ہندوستان کو لیکچر نہیں دینا چاہئے۔ ملالہ کو وہیں گولی مار دی گئی۔ وہ لڑکیوں کو تحفظ دینے میں ناکام رہے اور اب بھارت کو تعلیم دے رہے ہیں۔اویسی کا بیان پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اس ٹویٹ کے بعد آیا ہے جس میں قریشی نے ٹویٹ کرکے کہا، (ہندستان) مسلم لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا ان کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ کسی کو ایسے کسی بنیادی حق سے محروم کرنا اور حجاب پہننے کی وجہ سے اس پر ظلم کرنا ستم ہے۔ دنیا کو سمجھنا چاہیے کہ یہ بھارتی حکومت کے مسلمانوں کو دبانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔قریشی کے اس ٹویٹ پر اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا کہ کرناٹک حجاب تنازعہ ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے اور دوسروں کو اس میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ اویسی نے کہا کہ پاکستانی عوام کو اپنے اندرونی مسائل کی فکر کرنی چاہیے، انہیں ہمارے معاملات میں مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔اس سے پہلے، اویسی نے ٹویٹ کیا تھا کہ انہوں نے مسکان اور ان کے خاندان سے بات کی ہے جنہیں کالج میں برقع پہننے پر کرناٹک میں منگل کو ایک ہجوم نے ہراساں کیا تھا۔اویسی نے کہا، ان کے لیے”مذہب اور پسند کی آزادی کا استعمال کرتے ہوئے، تعلیم کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہنے کے لیے دعا کی۔ میں نے بتایا کہ ان کا بے خوف عمل ہم سب کے لیے ہمت کا باعث بن گیا ہے۔”
