کرناٹک کی بہادر بیٹی مسکان کو آج پورا ملک سلام کر رہا ہے: شاہی امام محمد عثمان

سلائیڈر نیشنل نیوز
لدھیانہ:۔کرناٹک کے ایک کالج میں حجاب پہن کر پڑھنے والی مسلم طالبات کے خلاف شروع کیے گئے مذموم احتجاج کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آج پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان لدھیانوی نے لدھیانہ کی تاریخی جامع مسجد میں ایک نشست منعقدکی جس میں تمام مساجد و مدارس اور مسلم سماجی اداروں کے سربراہان اور امام صاحبان شریک رہے۔ اس موقع پر شاہی امام پنجاب نے کہا کہ ہم کرناٹک کی بہادر بیٹی مسکان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اللہ اکبر کی صدا سے درجنوں فرقہ پرستوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسکان نے جاہلوں کو صاف کہہ دیا ہے کہ بیٹیوں سے ڈرنا نہیں ہے۔ شاہی امام مولانا محمد عثمان لدھیانوی نے کہا کہ کرناٹک میںحجاب کے نام پر ملک میں نفرت کا نیا پیغام دیاجارہاہے۔کیونکہ اقتدار میں آنے والے ان ناکام سیاستدانوں کے پاس نفرت اور مذہب کی سیاست کے سوا کچھ نہیں بچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت کہتی ہے کہ بیٹی پڑھاؤ اور دوسری طرف صرف حجاب کی وجہ سے بیٹیوں کو تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ حجاب اور برقعہ آج سے نہیں آیاہے بلکہ مسلمان بیٹیاں اسے صدیوں سے کالجوں واسکولوں میں پہنتی آرہی ہیں، پھر اچانک ایسا کیا ہوگیا کہ اس پر سیاست شروع کردی گئی۔ شاہی امام مولانا محمد عثمان لدھیانوی نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں تمام اراکین نے اعلان کیا ہے کہ 12 فروری کولدھیانہ کے سول ہسپتال روڈ سے براؤن روڈ، سبحانی بلڈنگ، جامع مسجد جیل روڈ سے ایک بہت بڑابا حجاب مارچ نکالاجائیگا جس میں لدھیانہ کی تمام مسلمان بہنیں اور بیٹیاں شامل ہوں گی۔