ملک کے 13 ایئرپور ٹ کے نام تبدیل کرنے کی تیاری

سلائیڈر نیشنل نیوز
اورنگ آباد:۔ملک میں ہوائی اڈوں، شہروں اور تاریخی مقامات کے نام تبدیل کرنے کی یاری تیز ہوتی جارہی ہے۔مودی حکومت ملک کے 13 ہوائی اڈوں کے نام تبدیل کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ اس فہرست میں مہاراشٹر کا اورنگ آباد شہر بھی شامل ہے۔ اس سے ایک دن پہلے بی جے پی کے زیر اقتدار آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسواسرمانے کہا ہے کہ ریاست میں تمام جگہوں کے نام بدل دیے جائیں گے۔ اس کے لیے عوام سے تجاویزطلب کی جائیں گی اور تجاویز کے لیے ایک پورٹل بھی بنایا جا رہا ہے۔مرکزی وزیر بھاگوت کراڈ نے جمعرات کوکہاہے کہ اورنگ آباد ہوائی اڈے سمیت ملک کے 13 ہوائی اڈوں کا نام تبدیل کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو تجویز بھیجی گئی ہے۔ مودی کابینہ اس پر فیصلہ کرے گی۔ مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ بھاگوت کرادنے کہاہے کہ ہوائی اڈے کا نام مراٹھا راجہ چھترپتی سنبھاجی کے نام پر رکھنے کی تجویز پہلے ہی مرکز کو بھیجی گئی تھی۔کراڈ نے کہاہے کہ یہ اچانک فیصلہ تھا۔ میں اسے ایک معمول کے عمل کے طور پر دیکھتا ہوں۔ ہندوستان میں کم از کم 13 ہوائی اڈوں کا نام تبدیل کیا جانا ہے اور کابینہ ان ہوائی اڈوں کے نئے ناموں پرفیصلہ کرے گی۔ اورنگ آباد میں ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ایک انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کرنے کے بعد وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے نے کہا ہے کہ دہلی جانے والے عوامی نمائندوں کو ہوائی اڈے کا نام تبدیل کرنے کے معاملے کو دیکھنا چاہیے اور اسے تبدیل کرناچاہیے۔ مدھیہ پردیش، اتر پردیش، کرناٹک جیسی بی جے پی حکومت والی ریاستوں کی طرز پر آسام میں بھی کئی جگہوں کے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شہریوں سے تجاویز لینے کے لیے آسام میں جلد ہی ایک پورٹل شروع کیا جائے گا۔ اس میں آسام کے ان مقامات کے نام تبدیل کرنے کے لیے تجاویز مانگی جائیں گی جو ریاست کی ثقافت اور تہذیب کی عکاسی نہیں کرتی ہیں۔