بنگلورو:۔ریاست کے مختلف تعلقہ جات واضلاع میں پنچایت راج کے انتخابات کا وقت آنے کے باوجود کوویڈکے حالات کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے فی الوقت انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام تعلقہ جات اور اضلاع میں اڈمنسٹریٹر کو تعینات کرنے کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔مئی اور جون کے مہینوں میں ریاست کے 30 ضلع پنچایت میں انتخابات کروانا تھا ، جبکہ 229 تعلقہ پنچایت میں بھی الیکشن ہونے تھے۔مگر کوویڈ کو دیکھ کر حکومت نے یہاں پر اڈمنسٹریٹرکی تعیناتی کا فیصلہ لیاہے۔ضلع نگران سکریٹری کو اختیاردیاگیاہے کہ وہ تعلقہ پنچایت و ضلع پنچایت میں سکریٹری یا ڈپٹی سکریٹری کے گریڈکے افسروں کو بطور اڈمنسٹریٹر تعینات کیاجائے۔واضح ہوکہ ریاست میں کوروناکے بگڑتے ہوئے حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپانے پہلے ہی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کراس بات کی سفارش کی ہے کہ اگلے چھ مہینوں تک کسی بھی طرح کے انتخابات نہ کروائے جائیں اور نہ ہی انتخابات کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی سرگرمی کو انجام د یا جا ئے ۔ حالانکہ آج ریاست کے کئی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات انجام پائے ہیں۔
