شیموگہ : شہر میں پھر ایک مرتبہ فرقہ وارانہ فساد ہوتے ہوتے رہ گیا

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر

شرپسندوںنے بجرنگ دل کے آنجہانی ہرشا کے گھر کے قریب جاکر دھمکایا ، ایک شخص پر کیا حملہ ، رات بھر پولیس کا شدید پہرہ

شیموگہ : لگتاہے کہ شیموگہ میں فرقہ وارانہ فسادات کی چنگاریاں لئے ہوئے ہندو – مسلم شرپسند گھومتے پھر رہے ہیں اور شہر میں آگ لگانے کے لئے بڑے موقع کی تلاش میں ہیں ، ایسا ہی ایک واقعہ کل یعنی پیر کی دیر رات کو پیش آیا ہے جس میں بجرنگ دل کے آنجہانی ہرشاکے گھر کے قریب 9 شرپسندوںنے دھمکانے کی کوشش کی ہے اور وہاں پر ہندوتوا کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ہتھیار دکھا کر خوف کا ماحول پیدا کیا ہے ۔ لیکن آن کی آن میں لوگوں کے جمع ہونے سے یہ لوگ فرار ہوگئے اور پولیس نے بر وقت مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالات کو قابو میں پالیا ۔ لیکن انہیں شرپسندوں میں سے تین لوگوںنے شہر کے بھرمپا نگر میں پہنچ کر پردیپ ( 25 ) نامی نوجوان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پردیپ کو زخمی حالت میں اسپتال داخل کروایا گیا ہے ۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہرشاکے گھر کے قریب مقامی لوگوں کا بڑا ہجوم جمع ہوا اور قصورواروں کو فوری طورپر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس نے علاقے میں سخت پہریداری تعینات کی جبکہ قصورواروں کو گرفتار کرنے کے لئے رات بھر چھاپہ ماری کی ۔ اس معاملے کو پچھلے دنو ںشہر کے کلرک پیٹ میں ہرشا کی بہن اشونی کی طرف کی جانے والی شر انگیز حرکت کا بدلہ مانا جارہاہے جس میں ہرشا کی بہن اشونی نے اپنے ساتھ 10-15 ہندو تنظیم کے لڑکوں کو لے کلرک پیٹ میں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ مسجد کے سامنے شرانگیز نعرے پکارے تھے ۔ لیکن اس بات کی تصدیق نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد ہی ہوسکتی ہے ۔ فی الحال پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے ۔ دریں اثناء آنجہانی ہر شا کی بہن اشونی نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور ریاست میں بی جے پی کی حکومت ہے باوجود اسکے ہندو محفوظ نہیں ہیں ، اور کتنے ہرشا کی جان لے کر یہ حکومت حرکت میں آئیگی ؟۔ اشونی نے مزید کہا کہ میں نےکلرک پیٹ میں کوئی شرانگیزی نہیں کی ہے نہ ہی اس کی ضرورت ہے ۔ مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں اس سلسلے میں پولیس چھان بین کرے ۔ دوسری جانب رکن اسمبلی کے یس ایشورپا نے اس معاملے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہرشا کے معاملے میں پکڑے جانے اور ان پر یو اے پی اے لگائے جانے کے باوجود اب بھی غنڈوں کو عقل نہیں آئی ہے ۔ اگر شرپھیلانے والے غنڈے ہوش میں نہیں آتے ہیں تو انہیں بھاری قیمت ادا کرنی پڑسکتی ہے ۔ پہلے ہی پی یف آئی جیسی شر پھیلانے والی تنظیم پر پابندی لگائی گئی ہے ، شہر میں دوبارہ ایسی حرکت انجام دی جاتی ہے تو قصورواروں کو بخشا نہیں جائیگا ۔

سیگے ہٹی میں شرپھیلانے والے ملزمان گرفتار; مزیددوکی تلاش جاری ہے:ایس پی

شیموگہ پولیس نے سیگے ہٹی اور بھرپانگر میں شرپھیلانے والے تین ملزمان کو گرفتارکرنے کی بات کہی ہے،جن کی شناخت مارکیٹ فوزان،اظہر عرف اظواور فراز کے طور پر کی گئی ہے۔ایس پی متھون کمارنے اطلاع دی ہے کہ مزید دو ملزما ن کی تلاش کی جارہی ہے۔انہوں نے پرواین عرف کُلا پرواین پر اس وجہ سے حملہ کیاکہ اُس نےکچھ دن قبل فراز کے خلاف نازیبہ زبان استعمال کی تھی،اسی معاملے کولیکر ان تینوں نے اس پر حملہ کیا تھا۔مزید تحقیقات کی جارہی ہے اور بقیہ دو ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔