اقلیتی برادریوں کے ساتھ سماجی انصاف کیا جائیگا: وزیراعلیٰ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ حکومت مختلف پروگراموں کے ذریعے اقلیتوں کو سماجی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیگی۔ ریاستی حکومت ان کمیونٹیز کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بناتے ہوئے ان کمیونٹیوں کو سماج کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئےپرعزم ہے۔ چیف منسٹر بسواراج بومئی نے یہ بات کہی۔محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ تعمیر کردہ مولانا ابوالکلام آزاد بھون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج کا کوئی بھی طبقہ علم سے محروم نہیں رہنا چاہئے کیونکہ 21ویں صدی علم کی صدی ہے۔ اقلیتی برادری کے سینکڑوں طلباء اپنی تعلیم مکمل نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس مسئلہ کے مستقل حل کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعے ریاست کے تمام اضلاع میں ایک خصوصی اسکیم نافذ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان امیدواروں کیلئےریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس میں تربیتی کیمپ منعقد کیے جائینگے تاکہ اقلیتی طبقہ کے امیدوار بھی مقابلہ جاتی امتحان میں کامیابی حاصل کرسکیں۔ ثانوی تعلیم کے دوران ہی اس کمیونٹی کے طلباء کو ہنر مندی کی تربیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تربیت حاصل کرنے کے بعد طلباء کو روزگار کے حصول میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کو وقف بورڈ کی اراضی پر تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حق دیا گیا ہے۔ بورڈ ایسے معاملات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتا ہے۔