بنگلورو:۔بی جے پی کے سینئرقائد اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا نے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد وہ ریاست کا دوہ کرینگے اور پارٹی کو 2023کے اسمبلی انتخابات میں دوبارہ اقتدار دلانے کے لیے کام کریں گے۔ بی جے پی کے قد آور لیڈر نے اعتماد ظاہر کیا کہ بی جے پی دوبارہ اقتدار میں آئے گی کیوں کہ عوام کے جذبات ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اقتدار میں نہیں ہوں، پھر بھی میرے یوم پیدائش پر دو سے تین ہزار افراد نے یہاں آکر مبارکباد دی ہے۔میں ان کے اعتماد اور محبت کا قرضدار ہوں۔ اسمبلی اجلاس کے بعد میں پھر سے ریاست کا دورہ کروں گا اور بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی حتی الامکان کوشش کروں گا۔یڈی یورپا نے یہاں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ لوگ اب بھی بی جے پی کے ساتھ ہیں اور وہ کانگریس کے ”فریب“ کا ساتھ نہیں دیں گے کیو ں کہ وہ انہیں دیکھ چکے ہیں۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ بی جے پی اگلے اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں واپسی کرے گی۔ یہ عوام کی خواہش ہے۔ ہم ریاست بھر کا دورہ کریں گے اور اس سمت میں منظم کوشش کریں گے۔ ہمیں اعتماد ہے کہ لوگ ہمیں آشیرواد دیں گے۔
