شیموگہ :۔ شیموگہ شہرکے ہوسمنے کے علاقے میں شفاف پانی کا فقدان کا مسئلہ اتنا بڑھ چکا ہے کہ یہاں کےلوگ پانی قلت سے حیران وپریشان ہورہے ہیں۔ واٹر سپلائی بورڈاس علاقے میں مناسب طور پر پانی کی رسائی نہیں کررہا ہے۔جس کی وجہ سے یہاں کے باشندوں کو پانی کیلئے دوڑ بھاگ کرنی پڑرہی ہے۔ روزانہ ایک نہ ایک بہانے بنارہے موٹی چمڑی والے افسران کے رویے سے یہاں کی عوام تنگ آچکی ہے۔یہ الزام مقامی کارپوریٹر ریکھا رنگناتھ نے لگایا ہے۔ انہوں نے وزیر برائے پنچایت راج کے ایس ایشورپا سےملاقات کرتے ہوئے پانی کے فقدان کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وارڈ میں 11000 ووٹرز ہیںاور آبادی تقریباً 20000 ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ بھی ایک نمائندے ہیں اورآپ کی صدارت کے دوران پانی فقدان کولیکر کئی نشستیں بھی ہوچکی ہیں۔2019 سے ہم نے آپ سے پانی کے مسئلے پر بات کی ہے اور آپ بھی کئی بارکارپوریشن میں اور اپنے دفتر میں پانی کے مسئلے کے بارے میں بات کر چکے ہیں۔لیکن افسران لوگوں کو پانی پلانے کیلئے تیار نہیں ہے۔ہوسمنے کالونی میں تقریباً 15 دنوں سے پانی کیلئے لوگ ترس رہے ہیں۔ عوام ہمیں اور آپ کوپانی کیلئے بدعائیں دے رہے ہیں۔انہوں نے وزیر موصوف سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے افسران کے خلاف کارروائی کریں۔ ورنہ آپ کے افسران کوہمارے لوگ ہی اچھاسبق سکھائیں گے۔مزیدکہا کہ آپ ریاست کے سب سے بااثر وزیر ہیں۔ کیا آپ کو ایسے افسران کی ضرورت ہے جو آپ کی بات پر عمل نہ کریں؟ سٹی کونسل کی رکن ریکھا رنگناتھ نے ایم ایل اے سے عاجزانہ درخواست کی ہے کہ وہ شفاف پانی کے مسئلے کو فوری طور پر حل کریں۔ اس موقع پر ایچ سی یوگیش، نوجوان لیڈرکے رنگناتھ اوردیگر موجودتھے۔
