’بلّی بائی‘ اور ’سلّی ‘ڈیلز ایپ کیس میں 2700 صفحات کی چارج شیٹ داخل

نیشنل نیوز
دہلی:۔دہلی پولیس کے سائبر سیل نے پٹیالہ ہائوس کورٹ میں ’بلّی بائی‘ ایپ اور ’سلّی‘ ڈیلز ایپ کیس میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پولس نے اس معاملے میں اومکاریشور ٹھاکر اور نیرج بشنوئی کو ملزم بنایا ہے۔ پولیس نے کل 2700 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے۔ جس میں 2000 صفحات بلّی بائی اور 700 صفحات سلی ڈیلز کے ہیں۔پولیس نے بلی بائی ایپ کے لیے نیرج بشنوئی کو مرکزی ملزم نامزد کیا ہے، جب کہ اومکاریشور ٹھاکر کو سلی ڈیلز کا ملزم بنایا گیا ہے۔ پولیس نے 4 مارچ کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔ واضح رہے کہ ان موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے سینکڑوں مسلم خواتین کی تصاویر ان کی منظوری کے بغیر نیلامی کے لیے پیش کی گئیں۔اس سال کے شروع میں پولس نے اندور سے سلی ڈیلز ایپس بنانے کے ملزم اومکاریشور ٹھاکر کو گرفتار کیا تھا۔ دہلی پولیس نے اسے بلی بائی ایپ کے ماسٹر مائنڈ نیرج بشنوئی سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر پکڑا تھا۔ ’بلی بائی‘ ایپ کے ماسٹر مائنڈ نیرج بشنوئی کی عمر 21 سال ہے۔ اسے دہلی پولیس نے آسام کے جورہاٹ سے پکڑا تھا۔