چنڈی گڑھ:۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی شاندار جیت کے بعد حکومت سازی کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ اب 16 مارچ کو بھگونت مان وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھگونت مان کی تقریب حلف برداری میں کوئی وی آئی پی مہمان نہیں ہوگا۔ تاہم حلف برداری کی تقریب میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت عام آدمی پارٹی کے تمام بڑے لیڈر موجود رہیں گے۔دہلی کی طرح پنجاب میں بھی حلف برداری کے پروگرام میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال یا عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے علاوہ کسی دوسری ریاست کے وزیر اعلیٰ یا کسی پارٹی کے کسی بڑے لیڈر کو دعوت نامہ نہیں بھیجا گیا ہے۔ ایسے میں بھگونت مان کی حلف برداری کی تقریب بالکل مختلف ہوگی۔ وہیں پنجاب کے وزیراعلیٰ بننے جارہے بھگونت مان نے حلف برداری کی تقریب میں لوگوں کو مدعو کیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے پنجاب اسمبلی انتخابات میں تاریخی فتح درج کی ہے۔
