کرناٹک اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کا چیئرمین صرف مسلمانوں کو بنانے کے خلاف عرضی، سپریم کورٹ نے جواب طلب کیا

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔سپریم کورٹ نے کرناٹک میں صرف مسلم کمیونٹی کے ایک شخص کو ریاستی اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کا چیئرمین بنانے کے معاملے میں ریاستی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔جسٹس ونیت سرن اور جسٹس انیرودھا بوس کی بنچ نے اقلیتی بہبود، حج و وقف، کرناٹک ریاستی اقلیتی کمیشن اور اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن آف کرناٹک کے منیجنگ ڈائریکٹر کو نوٹس جاری کیا ہے اور چھ ہفتوں میں ان سے جواب طلب کیا ہے۔یہ درخواست کرناٹک کی عیسائی برادری کے انل انٹونی نے دائر کی ہے۔ اس میں 18 جنوری 2021 کے حکم کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے کرناٹک اسٹیٹ میناریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین کے طور پر صرف مسلم کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کو خارج کر دیا تھا۔انٹونی کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ جی ایس منی نے بنچ کے سامنے عرض کیا کہ درخواست گزار کارپوریشن کے چیئرمین کے عہدہ پر دیگر اقلیتی برادریوں کے لوگوں کے برابر نمائندگی چاہتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کارپوریشن کے چیئرمین کے عہدہ پر آئی اے ایس افسران کی تقرری من مانی ہے۔ 1986 میں اس کارپوریشن کے قیام کے بعد سے، دیگر اقلیتی برادریوں جیسے عیسائی، سکھ، جین، پارسی اور بدھ مت کے لوگوں کو مساوی نمائندگی نہیں دی گئی۔ ہائی کورٹ دیگر کمیونٹیز کے خلاف اس امتیازی سلوک کو دور کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔