پنجاب کے بھگونت مان کے کابینہ کی پہلی توسیع: 10 وزراء نے لیا حلف

نیشنل نیوز
چنڈی گڑھ:۔پنجاب میں بھاری اکثریت سے اقتدار میں آئی والی عام آدمی پارٹی کی حکومت کے 10 وزراء نے آج حلف لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں گورنر بنواری لال پروہت اور وزیر اعلی بھگونت مان موجود تھے۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے پہلے ہی ایک ٹویٹ کے ذریعے وزیر بننے والے ایم ایل اے کے بارے میں معلومات دی تھیں۔ ان 10 وزراء میں سے پانچ مالوا، چار ماجھا اور ایک دوآبہ سے ہیں۔ نیز ایک خاتون کو بھی وزیر بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل پنجاب میں عام آدمی کی زبردست جیت کے بعد بھگونت مان نے شہید بھگت سنگھ کے گائوں کھٹکر کلاں میں اکیلے ہی حلف لیاتھا۔بھگونت مان کے 10 وزراء میں گزشتہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور دیربا سے دوسری بار ایم ایل اے بننے والے ہرپال سنگھ چیمہ شامل ہیں۔ چیمہ پیشے سے وکیل ہیں۔ وزیر بننے والوں میں ملوٹ سے ایم ایل اے اور عآپ کے سابق ایم پی سادھو سنگھ کی بیٹی ڈاکٹر بلجیت کور بھی شامل ہیں، جنہوں نے تین ماہ قبل نوکری چھوڑ کر پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وزیر کے طور پر حلف لینے والوں میں ہربھجن سنگھ ای ٹی او بھی شامل ہیں۔ ہربھجن سنگھ جنڈیالہ سے ایم ایل اے ہیں اور پی سی ایس کا امتحان پاس کرنے کے بعد 2012 میں ای ٹی او بنے۔ سال 2017 میں انہوں نے وی آر ایس لیا تھا۔ حالانکہ وہ 2017 میں بھی الیکشن لڑ چکے ہیں لیکن تیسرے نمبر پر تھے۔ڈاکٹر وجے سنگلا نے بھی آج وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔ انہوں نے مانسا سے گلوکار سدھو موسے والا کو 63 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے ڈینٹسٹ ہیں۔ بھووا سے ایم ایل اے لال چند کٹاروچک نے بھی حلف لیا۔ وہ پیشے کے اعتبار سے سماجی کارکن ہیں۔ نیز عام آدمی پارٹی پنجاب کے یوتھ ونگ کے صدر اور برنالہ سے دوسری بار ایم ایل اے رہنے والے گرمیت سنگھ میٹ ہیئر کو بھی وزیر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بی ٹیک کیا ہے۔ نیز کلدیپ سنگھ دھالیوال، جو پیشہ سے کسان ہیں اور اجنالہ سے ایم ایل اے ہیں، انہوںنے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ پرکاش سنگھ بادل کے رشتہ دار اور پٹی کے ایم ایل اے لالجیت سنگھ بھولر نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔ انہوں نے اے پی کیروں کو شکست دی ہے۔ وہ کسان اور کمیشن ایجنٹ ہیں۔ ہوشیارپور کے ایم ایل اے برہم شنکر زیمپا نے بھی حلف لیا۔ ان کا اپنا کاروبار ہے۔ نیز 31 سالہ ہرجوت سنگھ بینس اس حکومت کے سب سے کم عمر وزیر ہیں۔ بینس نے آنند پور صاحب سے 45 ہزار سے زائد ووٹوں سے الیکشن جیتا اور لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس سے تعلیم حاصل کی۔کلتار سنگھ سندھواں مسلسل دوسری بار کوٹک پورہ سے ایم ایل اے بنے ہیں۔ سندھواں کا پارٹی میںبڑا نام ہے، انہیں وزیر کے بجائے اسپیکر بنایا جائے گا۔