گلبرگہ:۔ گنگا کلیان اسکیم میں بڑے پیمانہ کی رشوت خوری کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس قائد ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ریاستی بی جے پی حکومت کو رشوت خوری کے معاملے میں اول انعام دینا چاہئے ۔ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر مسٹر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ کرناٹک کی چیف منسٹر بومائی والی حکومت کو رشوت خوری کے معاملہ میں انعام اول کا مستحق قرار دیں۔گلبرگہ میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیو کمار نے کہا کہ بی جے پی حکومت پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کو لوٹ رہی ہے۔ مرکز اس معاملہ میں پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے تک خاموش تھا۔ لیکن اب اس نے قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ ان قیمتوں میں اضافہ کے باوجود رائے دہندگان کیوں بی جے پی کو ترجیح دے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہر ایک کے اندر ضبط و تحمل ہوتا ہے لیکن اس وقت خواتین اپنے غصہ پر قابو نہیں رکھ پارہی ہیں چیف منسٹر بومائی کو چاہئے کہ وہ ریاست میں قیمتوں میں اضافہ کی اجازت نہ دیں۔ اس کے برخلاف وہ عوام کو امدادSubsidy فراہم کریں۔ انھوں نے کہا کہ عنقریب کانگریس قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے ایک پروگرام کو قطعیت دیگی۔
