ریاض:۔حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے معتمرین اور نمازیوں کو پر سکون اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ اس دوران مسجد حرام کا رخ کرنے والوں کی سلامتی اور تحفظ کے لیے بھی مکمل اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے حرم شریف میں مجمع اور ہجوم کو منظم کرنے کی انتظامیہ کے نگران اعلی انجینئر اسامہ الحجیلی نے بتایا کہ یکم رمضان سے دس رمضان تک مسجد حرام میں بیس لاکھ کے قریب معتمرین کا مجمع خوش اسلوبی کے ساتھ منظم کیا گیا۔ اس دوران تمام احتیاطی اقدامات کے ضوابط کا خیال رکھا گیا۔انہوں نے مسجد حرام میں معتمرین اور نمازیوں کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کی مربوطیت پر روشنی ڈالی۔ الحجیلی نے بتایا کہ اس سلسلے میں اعلی ترین خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ عمر رسیدہ اور معذور افراد کے لیے خصوصی راستے بنائے گئے ہیں۔ نگران اعلی نے معتمرین پر زور دیا کہ وہ اعتمرنا اور توکلنا موبائل ایپلی کیشنوں کے ذریعے حاصل کیے گئے اپنے اجازت ناموں پر جاری اوقات کی پابندی کریں۔الحجیلی کے مطابق انتظامیہ نے رمضان مبارک کے دوران میں معتمرین کی خدمت کے لیے اپنی تمام افرادی قوت اور وسائل کو کام پر لگا دیا ہے۔ یہ تمام امور حرمین شریفین کے امور کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایات پر مملکت کی دانش مند قیادت کی امنگوں کے عین مطابق انجام دیے جا رہے ہیں۔
