کرناٹک کے اس مندر نے قرآن پاک کی تلاوت سے تہوار کا آغاز کیا

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کرناٹک میں مختلف مسائل پر فرقہ وارانہ کشیدگی کے درمیان، ایک تاریخی مندر نے صدیوں پرانی روایت کو جاری رکھا ہے۔ بیلور، کرناٹک میں واقع یہ مندر چنناکیشوا مندر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس مندر کی روایات کے تحت ‘رتھوتسو’ کا آغاز قرآن کی آیات کی تلاوت سے کیا جاتا ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق دائیں بازو کی تنظیموں نے اس روایت کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم ان تنظیموں کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے 13 اپریل سے مندر میں میلہ شروع کر دیا گیا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کچھ ناخوشگوار ہونے کے امکان کے پیش نظر پولیس کی موجودگی میں میلہ شروع کیا گیا۔ اس دو روزہ میلے کے پہلے دن مختلف مقامات سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ایک اہلکار نے انڈین ایکسپریس کو بتایا،”قرآن کی آیات پڑھنے کی روایت ایک عرصے سے چلی آ رہی ہے۔ اس بار بھی اسی روایت پر عمل کیا گیا۔ تاہم اس بار کچھ الجھن تھی۔
کیونکہ مسلمان تاجروں کو مندر کے باہر دکانیں لگانے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ لیکن یہ روایت جاری رہی۔”روایت کے مطابق تہوار شروع ہونے سے پہلے، ایک مولوی چنناکیشو مندر کے احاطے میں آتا ہے اور قرآن کی کچھ آیات پڑھتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بار دائیں بازو کے کارکنوں نے اس روایت کو نہ دہرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ مطالبہ مندر کے حکام کے ساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ سے بھی کیا گیا ہے۔ دائیں بازو کے کارکنوں نے مندر کے باہر مسلمان تاجروں اور دکانداروں پر پابندی لگانے کا بھی کہا تھا۔ تاہم ان دونوں مطالبات کو مندر کے حکام نے نظر انداز کر دیا۔تاہم اس سے قبل مندر کے حکام نے مسلمان تاجروں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ دباؤ کی وجہ سے ایسا کیا گیا۔ لیکن بعد میں انڈومنٹ بورڈ، جو ریاستی حکومت کے تحت آتا ہے، نے مندر کے حکام سے ایسا نہ کرنے کو کہا۔ انڈومنٹ بورڈ کے ایک اہلکار نے انڈین ایکسپریس کو بتایا،”اس سے قبل مندر کے حکام نے مسلمان دکانداروں کو نوٹس جاری کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ اپنی دکانیں بند کر دیں۔ تاہم حکومت نے انہیں فیسٹیول کا حصہ بننے کی منظوری دے دی۔ مندر کے حکام کو حکم دیا گیا کہ وہ غیر ہندوؤں کو دکانیں لگانے کی اجازت دیں۔ جس کے بعد تقریباً 15 مسلم تاجروں نے دکانیں قائم کیں۔اس سے پہلے کرناٹک میں حجاب کا تنازع کئی مہینوں سے چل رہا تھا۔ اس تنازعہ کے بعد کچھ تنظیموں نے پھر حلال گوشت کا بائیکاٹ کرنے اور غیر ہندوؤں کو ہندو عبادت گاہوں کے باہر دکانیں لگانے کی اجازت نہ دینے کی مہم چلائی۔ اس دوران کئی غیر ہندو دکانداروں کی پٹائی کی اور ان کی گاڑیاں الٹنے کی خبریں آئیں۔ دریں اثناء سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے اس طرح کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور موجودہ وزیر اعلیٰ سے امن و امان کی صورتحال کو مضبوط بنانے کیلئے کہا۔