شیموگہ:۔رمضان المبارک کا مہینہ جہاں رحمتوں وبرکتوں اور مغفرت کا ہے وہیں اس مہینے میں مسلمان عیدکیلئے اچھی خاصی تجارت بھی کرتے ہیں۔رمضا ن کے پہلے اور دوسرے عشرے میں ویسے تو کپڑوں کی خریداری میں لوگ کم دلچسپی دکھاتے ہیں لیکن آخری عشرے میںبازاروں میں ہر طرف خریداروں کاہجوم دیکھا جاسکتاہے۔شیموگہ شہرکے گاندھی بازار،نہروروڈ اور اردو بازار،کے آر پورم روڈ میں خریداروں کی گہماگہمی ہے،امسال لوگ عیدکیلئے کھل کر شاپنگ کررہے ہیں۔گذشتہ دو سالوں سے عید الفطرکے موقع پر کورونا کا کالاسایہ چھایاہواتھا جس کی وجہ سے بازار بندتھے،اب کورونا کی بندشیں بند ہوچکی ہیں،اس وجہ سے بازاروں میں دوبارہ رونق آچکی ہے۔اس دفعہ فرقہ وارانہ حالات کے مدِ نظر شروعات میں لوگوں نے اپیل کی تھی کہ مسلمان صرف مسلمانوں کی دُکانوں میں شاپنگ کریں،لیکن اس اپیل کا کوئی خاص اثر دکھائی نہیں دے رہاہے،اب کئی لوگ مارواڑیوں اور دیگر اقوام کے یہاں شاپنگ کررہے ہیں۔کچھ خریداروں کاکہناہے کہ ہم مسلم تاجروں کے یہاں خریداری کرنا چاہتے ہیں لیکن بعض موقعوں پر اُن کا رویہ قیمتوں میں فرق اور ڈیزائنس کی عدم دستیابی سے دوسری جگہ کا رخ کرنا پڑتاہے۔بعض دکاندار سخت لہجے میں رہتے ہیں،اس سے محسوس ہوتاہے کہ وہ ہمیں اپنا نہیں سمجھتے۔ جبکہ مسلم تاجروں کا کہناہے کہ ہمارے یہاں بھی بہترین قسم کے ملبوسات دستیاب ہیں۔بازارمیں پچھلے دوسالوں کے بعد ہورہی عیدکی خریداری سے دکاندار پُر امیدہیں کہ امسال انہیں نقصان اٹھانانہیں پڑیگااو رگذشتہ دو سالوں کے خسارے کےبعد کم ازکم امسال خداکی رحمت ان کے ساتھ ہوگی۔
