غداری قانون کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پرعدالت 5 مئی کو کریگی سماعت

نیشنل نیوز

دہلی:۔ سپریم کورٹ نے بدھ کو مرکز کو ہدایت دی کہ وہ غداری کے قانون کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر ہفتہ کے آخر تک اپنا موقف واضح کرے۔چیف جسٹس این جسٹس وی رمنا، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر 5 مئی سے حتمی سماعت شروع کرے گی اور سماعت ملتوی کرنے کی کسی اپیل پر غور نہیں کرے گی۔بنچ نے کہاکہ ہم مرکز کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ اس ہفتے کے آخر تک اپنا موقف واضح کرے۔ منگل تک حلف نامہ کے ذریعے جواب داخل کریں، 5 مئی کو بغیر کسی التوا کے معاملے کی حتمی سماعت کے لیے فہرست بنائیں۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ سینئر وکیل کپل سبل اس معاملے میں درخواست گزار کی طرف سے دلائل پیش کریں گے۔سماعت کے دوران سینئر ایڈوکیٹ سنجے پاریکھ نے کہا کہ پی یو سی ایل کی طرف سے دائر درخواست درج نہیں ہے۔ بنچ نے کہاکہ آپ چاہتے ہیں کہ اس معاملے کو نمٹا دیا جائے یا آپ تمام درخواستوں کی فہرست بنانا چاہتے ہیں؟ اگر آپ تاخیر کرنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے۔نوآبادیاتی دور کے بغاوت قانون کے بڑے پیمانے پر غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سال جولائی میں مرکزی حکومت سے پوچھا تھا کہ وہ اس شق کو کیوں نہیں ہٹا رہی ہے جسے مہاتما گاندھی کی تحریک آزادی کو کچلنے اور عوام کی آواز کو دبانے کیلئے کیلئے برطانوی حکومت نے استعمال کیا تھا۔سپریم کورٹ نے ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا اور سابق میجر جنرل ایس جی وومبٹکرے کی درخواستوں پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا، جنہوں نے قانون کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ اس کی بنیادی تشویش قانون کا غلط استعمال ہے۔