دہلی:۔ لکھیم پور کھیری تشدد میں کسانوں کی موت کا معاملہ گرم ہو تاجارہا ہے۔ کسان تنظیموں کے قائدین نے لکھیم پور کھیری کیس میں آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔ متحدہ کسان مورچہ نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا اور ان کے بیٹے آشیش مشرا کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اجے مشرا کو کابینہ سے ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا۔ کسان مورچہ نے کہا کہ 12 اکتوبر کو ملک بھر سے کسان لکھیم پور کھیری پہنچیں گے۔ نیز کسان لکھنؤ میں مہا پنچایت بھی کریں گے۔یوگیندر یادو نے کہا کہ پہلے پروگرام کے تحت 12 تاریخ کو کسان اور صحافی جو شہید ہوئے ہیں ،ان کے لیے ہم لکھیم پور کے ٹکونیا میں آخری رسومات کریں گے۔ملک بھر سے کسان 12 تاریخ کو لکھیم پور پہنچیں گے۔ لکھیم پور کا واقعہ جلیانوالہ باغ سے کم نہیں ہے۔ ہم ملک کی تمام شہری تنظیموں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے شہروں میں موم بتی مارچ نکالیں۔ ہم پورے ملک کے شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رات 8 بجے اپنے گھروں میں موم بتی جلائیں۔یادو نے کہا کہ 12 تاریخ کو کسانوں کی راکھ کی لاش یاترا یوپی میں لکھیم پور سے ہی شروع ہوگی۔ کسان ہر ریاست میں کسانوں کی راکھ لے کر جائیں گے اور وسرجن کیا جائے گا۔ دسہرہ 15 اکتوبر کو ہے ، تمام کسان وزیراعظم مودی اور امیت شاہ کے پتلے جلائیں گے۔ 18 کو ٹرین روکیں گے۔ 26 کو لکھنؤ میں ایک بڑی مہا پنچایت ہوگی۔کسان رہنما ڈاکٹر درشن پال نے ہفتہ کو کہا کہ اس واقعہ میں کسان شہید ہوئے ہیں اور کسان مورچہ آخری دم تک لڑیگا۔
