دہلی:۔ شاہین باغ منشیات کیس میں عدالت نے این سی بی کے ہاتھوں پکڑے گئے چاروں ملزمان کو 7 دن کے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ ان میں سے دو افغان شہری اور دو ہندوستانی شہری ہیں۔ پہلی گرفتاری دہلی کے شاہین باغ علاقے سے ہوئی ہے۔ گرفتار شخص سے تفتیش کے دوران دو افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد ان دونوں سے پوچھ گچھ کے بعد ایک اور گرفتاری عمل میں آئی۔ اس معاملے میں جانچ کر رہی این سی بی کی ٹیم ان چاروں سے پوچھ گچھ میں یہ جاننا چاہتی ہے کہ اس کے پیچھے کون لوگ ہیں اور کون ہے جو دبئی سے آپریٹ کر رہا ہے۔این سی بی حکام نے کل واضح کیا تھا کہ اگر اس معاملے میں ای ڈی اور این آئی اے کی مدد کی ضرورت پڑی تو وہ بھی لی جائے گی۔ این سی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ڈی ڈی جی) آپریشنز، سنجے سنگھ نے کہاکہ 50 کلو گرام ہائی کوالٹی ہیروئن، 47 کلو گرام مشتبہ منشیات، 30 لاکھ منشیات کی رقم ضبط کی گئی ،اہلکار نے بتایا کہ ضبط کی گئی ہیروئن کا تعلق افغانستان سے ہے اور شبہ ہے کہ منشیات کی رقم کو حوالات کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا۔این سی بی کے اہلکار نے بتایا کہ ’گرفتار شخص بھارتی شہری ہے، اس نے دہلی میں کرائے پر مکان لیا تھا، جہاں سے منشیات اور نقدی برآمد ہوئی ہے‘۔ این سی بی کے اہلکار نے کہاکہ یہ حالیہ دنوں میں دہلی میں منشیات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
