ریاست بھر میں اسکولوں کاآغاز:لرننگ ریکوری سال کے طورپر منانے محکمہ تعلیم کا فیصلہ

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ریاست بھر میں رواں تعلیمی سال 23-2022 کیلئے اسکولوں کاآغازہوچکاہے۔ ریاستی محکمہ تعلیم کی طرف سے ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لئے لرننگ ریکوری پروگرام کی شروعات کی جائے تاکہ گزشتہ دوسال کے دوران کورونا کی وجہ سے بچوں کی تعلیم پر جو اثر پڑا ہے اس کو کم کیا جا سکے۔ حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ تعلیمی سال کے آغاز کو بچوں کے لئے خوشگوار رکھا جائے اور ان کی اسکول میں آمد پر ان کا استقبال مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے کیا جائے ۔ تمام اسکولوں کی ایس ڈی ایم سی اور پرنسپلوں کو محکمہ کی طرف سے ہدایت دی گئی ہے کہ بچوں کے لئے پہلے دن مٹھائی تقسیم کرنے کا انتظام کروایا جائے۔ اس کے لئے مقامی اراکین اسمبلی کی مدد لینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت نے اس پورے سال کولرننگ ریکوری سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق بچوں میں بنیادی تعلیم اور اعداد وشمار کی معلومات کو بڑھاوا دیا جائیگا۔ سال 23-2022 کو لرننگ ریکوری کا سال قرار دیا جائے گا ۔ دوسال کے دوران بچوں کو جو تدریسی مہارت ملنی تھی وہ رواں سال دی جائے گی ۔ سال 24-2023 کی شروعات تک تمام بچوں کو کورونا سے پہلے کی جوتعلیمی مہارت تھی اس کو بحال کر نے پر توجہ دی جائیگی ۔ریاستی وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے کہا ہے کہ تعلیمی سال کے آغاز کے مرحلہ میں اسکولوں میں جشن کا ماحول ہونا چاہئے ۔لرننگ ریکوری پروگرام کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری ڈی ڈی پی آئی کو دی گئی ہے ۔ اسکولوں کی سطح پر اس پروگرام کی نگرانی کلسٹر ریسورس پرسن کر یں گے اور اس میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بی ای او اور ڈی ڈی پی آئی کور پورٹ پیش کرینگے۔