بنگلورو:۔کرناٹک میں قانون ساز کونسل کے آئندہ دو سالہ انتخاب کیلئے بی جے پی نے اپنے پانچ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فہرست کو سابق وزیر اعلیٰ یدی یورپا کیلئے ایک بڑے جھٹکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ ان کی تمام کوششوں کے باوجود بی جے پی نے ان کے بیٹے وجیندر کو امیدوار نہیں بنایا ہے۔ ایسے میں یڈی یورپا کی ناراضگی کی خبریں باہر آنے لگی ہیں۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور دفتر انچارج ارون سنگھ نے امیدواروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے کرناٹک سے قانون ساز کونسل کے آئندہ دو سالہ انتخاب کیلئےلکشمن سنگپا سوادی، چلوادی نارائن سوامی، ہیم لتا نایک اور ایس کیشو پرساد کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے علاوہ بی جے پی نے کرناٹک قانون ساز کونسل کے ٹیچر انتخابی حلقہ سے ہونے والے دو سالہ انتخاب کیلئےبسوراج ہوراٹی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔اراکین اسمبلی کے ذریعہ منتخب کرناٹک قانون ساز کونسل کے 7 اراکین کی مدت کار 14 جون 2022 کو ختم ہو رہی ہے۔ ان سیٹوں پر انتخاب کیلئے نامزدگی کی آخری تاریخ 24 مئی تک ہی مقررکی گئی تھی۔ ان ساتوں سیٹوں پر 3 جون کو انتخاب ہونا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کرناٹک قانون ساز کونسل کے لیے دو گریجویٹ اور دو ٹریچر انتخابی حلقہ میں بھی دو سالہ انتخاب ہونا ہے۔ ان چاروں سیٹوں کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ 26 مئی ہے اور ان پر 13 جون کو انتخاب ہونا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ کرناٹک لیجسلیچر میں جملہ 75 سیٹیں ہیں جس میں بی جے پی کے 37، کانگریس کے 26 اور جے ڈی ایس کے 10 ارکان ہیں۔درحقیقت یڈی یورپا اپنے بیٹے کو ایم ایل سی منتخب ہونے کے بعد کابینہ کے اہم عہدے پر مقرر کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا آئندہ اسمبلی انتخابات میں اہم رول ادا کرے۔بی جے پی کو خدشہ ہے کہ یڈی یورپا ایک بار پھر اپنے بیٹے کے ذریعے پارٹی کو ہائی جیک کر لیں گے،شائد اسی خدشے کو دیکھتے ہوئےبی جے پی نے دو سالہ قانون ساز کونسل کے انتخابات کیلئےجاری کی گئی امیدواروں کی فہرست میں سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے بیٹے وجیندرا کو شامل نہیں کیا ہوگا۔
