کرناٹکا ایم ایل سی انتخابات میں بلا مقابلہ کامیاب ہونا کم وبیش طئے

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کرناٹکا کے ایم ایل سی انتخابات میں تمام امیدواروں کا بلامقابلہ کامیاب ہونا طئے ہے،آج تین اہم سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنا نامزدگی کا پرچہ داخل کردیاہے۔ایم ایل سی انتخابات کیلئے عرضی دینے کی آج آخری تاریخ تھی،اس دوران کانگریس ، جے ڈی ایس اور بی جے پی نے اپنے امیدواروں کے پرچے الیکشن آفیسر ویشا لکشمی کو سونپے ہیں،اگر ان انتخابات میں آزاد امیدوار میدان میں نہیں اترتے ہیںتو بی جے پی ،کانگریس اور جے ڈی ایس کے امیدوار بغیر کسی مقابلے کے منتخب ہوجائینگے۔برسرِ اقتدارسیاسی جماعت کے امیدوار لکشمن سودی، چھلوادی نارائن سوامی،کیشوپرساداور ہیمالتا نائک نے بی جے پی سے پرچہ داخل کیاہے۔کانگریس سے ایم کے ناگراج یادو،کے عبدالجباراور جے ڈی ایس ودھان پریشد رکن ٹی اے شرون نے اپنا پرچہ داخل کیاہے،ان پرچوں کاجائزہ کل ہی ہوگا اور پرچہ لینے کی آخری تاریخ27 مئی ہوگی ۔27 مئی کے بعد بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان الیکشن آفیسر فوراً کرینگے۔ ان انتخابات میں اگر سات سے زائد امیدوارمیدان میں ہونگے تو ہی3 جون کو انتخابات کئے جائینگے۔واضح ہوکہ آزاد امیدوارکے انتخابات میں شرکت کیلئے10 اراکین اسمبلی کے دستخط ہونا ضروری ہیں،اگر پرچے میں دس اراکین اسمبلی کے دستخط نہ ہوں تو اس پرچے کو مسترد کردیاجائیگا۔انتخابی پرچوں کودائرکرتے وقت تمام امیدوار اپنے حامیوں اور لیڈران کے ساتھ الیکشن دفتر پہنچے۔بی جے پی امیدوارلکشم سودی،ہیما لتا نائک،کیشوپرساد اور چھلوادی نارائن سوامی کے ساتھ بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمارکٹیل ،ریاستی وزیر آراشوک،وی سومنا سمیت کئی لیڈران شریک رہے۔کانگریس پارٹی سے ایم ناگراج یادو اور کے عبدالجبارکے ساتھ اپوزیشن لیڈر سدارامیا،کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار،سلیم احمد،فیروز سیٹھ،بی کے ہری پرساد اور دنیش گنڈورائو موجودتھے،وہیں جے ڈی ایس امیدوار شرون کے ساتھ سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی،جے ڈی ایس کے ریاستی صدر سی ایم ابراہیم،سابق وزیر بنڈپاکاشمپور اور رکن اسمبلی آر منجوناتھ موجودتھے۔واضح ہوکہ14 جون کو موجودہ ایم ایل سی لکشمن سودی ،رمیش گوڈا، آر وی تماپور،الم ویر بھدرپا،ایس وینا اچیا،نارائن سوامی کی نشستوں کی معیاد مکمل ہونے جارہی ہے،اس کیلئے 3جون کو انتخابات منعقد کئے گئے ہیں۔