سرسی:۔اقتدارکے اپنے 8سالہ دورِ حکومت میں ملک کے قرضے میں تین گنا اضافہ کرنا ہی وزیر اعظم نریندرمودی کا سب سے بڑاکارنامہ ہے یہ بات کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ایک نجی پروگرام میں شرکت کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتےہوئے سدرامیا نےکہا کہ مودی کے اقتدار میں آنے سے پہلے ملک کا قرضہ 53لاکھ کروڑ روپئے تھا اب 155لاکھ کروڑ روپئے کو پہنچ گیا ہے۔ ریاست کی بی جےپی حکومت ہر سال 70 ہزار کروڑ روپیوں کا قرضہ لیتی ہے۔ انہی وجوہات کی بناپر عوام پر معاشی بوجھ زیادہ ہوگیاہے۔ریاستی وزیرا علیٰ بسوراج بومائی کے ڈاوس میں عالمی معاشی اجلاس میں شرکت پر تنقید کرتےہوئے سدرامیا نےکہاکہ عالمی معاشی اجلاس میں شرکت کرنے سے سرمایہ نہیں آتا۔ ریاست میں امن، سکون ، بہترین نظام ہوتو سرمایہ دار ترغیب پاتےہیں۔ اس سلسلےمیں حکومت کو سنجیدگی سے توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ فرقہ وارانہ نفرت کو پھیلانے والوں کو گرفتار کرکے کارروائی کرنے کی طرف توجہ دے۔ سدرامیا نےجے ڈی ایس کے ساتھ کسی طرح کے الحاق سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ وہ باب بند ہوگیا ہے۔ آگے جے ڈی ایس کے ساتھ کسی طرح کی کوئی دوستی نہیں ہوگی۔
