دہلی:۔ سول سروسز 2021 کے امتحانات میں مسلم امیدواروں کی کارکردگی اگر پچھلے 12 سالوں میں ان کے نتائج سے موازنہ کیا جائے تو سب سے خراب رہا ہے۔ یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی ) نے پیر 30 مئی 2022 کو سول سروسز 2021 کا اعلان کیا اور کل 685 امیدواروں کی سفارش کی۔ ان میں سے صرف 19 مسلمان ہیں، اور کوئی بھی ٹاپ 100 کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔ یوپی ایس سی امتحان میں شروتی شرما نے پورے ہندوستان میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دوسرے اور تیسرے مقامات پر بھی لڑکیوں نے قبضہ جمایا ہے۔ یعنی لڑکیوں نے اس بار لڑکوں پر اثردار انداز میں بازی ماری ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق آل انڈیا پہلا مقام حاصل کرنے والی شروتی شرما سینٹ اسٹیفنز کالج اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی سابق طالبہ ہیں اور جامعہ ملیہ اسلامیہ رہائشی کوچنگ اکیڈمی سے انہوں نے یوپی ایس سی سول سروسز امتحان کی تیاری کی۔شروتی شرما نےیوپی ایس سی میں پہلا مقام حاصل کر تے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کا نام روشن کیا ہے۔مسلمانوں میں سب سے بہترین رینک حاصل کرنے والی اریبہ نعمان نے 109 واں رینک حاصل کیا ہے۔یو پی ایس سی نے 05 اپریل سے 25 مئی 2022 تک سال 2021 کے سول سروسز کے امیدواروں کے ذاتی انٹرویو کیے تھے۔ سول سروسز مین امتحان 2021 میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کل 68 مسلمان ذاتی انٹرویو کے لیے حاضر ہوئے تھے۔ یونین پبلک سروس کمیشن (یوپی ایس سی) نے جنوری 2022 میں منعقدہ سی ایس ای مین امتحان اور اپریل/مئی 2022 میں کیے گئے ذاتی انٹرویوز پر مبنی سول سروسز امتحان کے حتمی نتائج کا اعلان کیا۔شروتی شرما نےپہلا رینک حاصل کیا ہے اور وہ آل انڈیا ٹاپر کے طور پر ابھری ہیں جب کہ انکیتا اگروال اور گامنی سنگلا نے بالترتیب دوسرا اور تیسرا رینک حاصل کیا ہے۔ امسال یو پی ایس سی میں کامیاب ہونے والے مسلم امیدواروں کی فہرست مندرجہ ذیل ہے۔(1)عریبہ نعمان(109)،(2)محمد صبورخان(125)،(3) سید مصطفیٰ ہاشمی(162)،(4) افنان عبد الصمد(274)،(5) ارشد محمد(276)،(6) محمد ثاقب عالم(279)،(7) اسرار احمد کچلو(287)،(8) محمد عبد الرؤف شیخ(309)،(9) نازش عمر انصاری(344)،(10) فیصل خان(364)،(11) شمائلہ چودھری(368)،(12) مائوس ٹک(386)،(13)محمد قمر الدین خان(414)،(14) محمد شبیر(419)،(15) فیصل رضا(441)،(16) معصوم رضا خان(457)،(17) آصف اے(464)،(18)تحسین بانو دائودی(483)،(19) شیخ محمد زیب ذاکر(496)،(20) محمد صدیق شریف(516)،(21) محمد شوکت عظیم(545)،(22) انور حسین(600) شامل ہیں۔واضح ہوکہ یو پی ایس سی امتحانات میں مسلم امیدواروں کا نتیجہ پچھلے چند سالوں کے نتائج کی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ 2020 میں جب یو پی ایس سی نے 761 امیدواروں کو اعلیٰ یونین سروس کے عہدوں کے لیے تجویز کیا تھا، تو کل 31 مسلمانوں نے سول سروسز امتحان (سی ایس ای)، جسے آئی اے ایس امتحان بھی کہا جاتا ہے، میں کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح 2012 میں 30 مسلمان کامیاب امیدواروں میں شامل تھے اور 2011 میں سول سروسز کے لیے منتخب ہونے والے 920 میں 31 مسلمان بھی شامل تھے۔ اسی طرح 2010 میں 875 کامیاب امیدواروں میں 21 مسلمان تھے جن میں کشمیر کے ڈاکٹر شاہ فیصل نے قومی سطح پر امتحان میں ٹاپ کیا تھا۔ 2009 میں 791 کامیاب امیدواروں کی فہرست میں کل 31 مسلمان تھے۔
