ممبئی:۔معروف گلوکار کے، کے کی موت کے حوالے سے تجسس پیدا ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کی پیشانی اور ہونٹوں پر مبینہ طور پر چوٹ کے نشانات پائے گئے ہیں اور پولیس نے غیر فطری موت کا معاملہ درج کر لیا ہے۔ پولیس اس کنسرٹ کے منتظمین سے پوچھ گچھ کر رہی ہے، جس میں شرکت کے بعد کے کے کا انتقال ہوا۔ اس کے علاوہ اس ہوٹل کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جس میں کے کے ٹھہرے ہوئے تھے۔کے ،کے کے انتقال کے سلسلہ میں نیو مارکیٹ تھانے میں غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ گلوکات کی موت جسمانی بیماری کی وجہ سے ہوئی یا کسی اور وجہ سے۔ گلوکار کے کے کے اہل خانہ کولکاتا پہنچ گئے۔دریں اثنا گلوکار کے کے کی موت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ بنگال بی جے پی کے سابق صدر دلیپ گھوش نے ریاستی حکومت پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا وہ درست نہیں ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ دلیپ گھوش نے مزید کہا کہ اے سی کے بغیر اور اتنی بھیڑ میں کیسے کام کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بھیڑ گنجائش سے زیادہ تھی اور اے سی بند تھا، اس وجہ سے کے، کے کی طبیعت خراب ہوئی یا نہیں، یہ معلوم نہیں۔ اس طرح کی تقریبات میں لوگوں میں جوش و خروش ہوتا ہے۔خیال رہے کہ بالی ووڈ کے مشہور گلوکار کے کے (کرشن کمار کنتھ) کا منگل کی رات کولکاتا میں انتقال ہو گیا۔ کے کے کی عمر 53 سال تھی۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جنوبی کولکاتا کے نذرل منچ میں ایک کالج کی طرف سے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، جہاں کے کے تقریباً ایک گھنٹے تک گانے کے بعد اُن کی طبیعت بگڑگئی ، وہ ہوٹل لوٹ آئے ، اُنہیں بعد میں اسپتال لے جایا گیا ، جہاں اُن کی موت ہوگئی ۔
