دہلی: ریل ملازمین کی سب سے بڑی یونین آل انڈیا ریل مینز فیڈریشن (اے آئی آر ایف) نے ریلوے کے وزیر پیوش گوئل سے مطالبہ کیا ہے کہ کووڈ وبا کے بیچ آکسیجن سمیت اشیائے ضروریہ اور مسافروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں مصروف ریل ملازمین کو کورونا واریئر قرارد ے کر ان کی موت ہونے پر 50 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے۔اے آئی آر ایف کے جنرل سکریٹری شیو گوپال مشرا نے گزشتہ شام ریلوے کے وزیر کو ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ ملک اس وقت کووڈ- 19 وبا کی دوسری لہر کے سبب مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ایک لاکھ سے زیادہ ریلوے ملازمین کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 65 ہزار سے زیادہ افراد صحتیاب ہوکر اپنی ڈیوٹی پر واپس آ گئے ہیں۔ تاہم ڈیڑھ ہزار سے زیادہ افراد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم سب آپ کے اس خط کی تعریف کرتے ہیں جس میں آپ نے اس مشکل وقت میں ریلوے ملازمین کی خودسپردگی اور لگن کے جذبے کےساتھ کی جارہی خدمات کی تعریف کی ہے۔ ہم اس کی بھی تعریف کرتے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ’من کی بات‘ پروگرام میں ریلوے ملازمین کو ’کورونا واریئر‘ کہا تھا‘‘۔
