پی ایف آئی کے بینک کھاتے ضبط،غیرقانونی لین دین کاالزام

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔بھارت کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے بُدھ کے دن یہ معلومات فراہم کی ہیں کہ انہوں نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا( پی ایف آئی)اور اس کی ذیلی تنظیم رحاب انڈیا فائونڈیشن کے23 بینک کھاتوں کو ضبط کرتے ہوئے انہیں منجمد کردیاہے۔ای ڈی کے ٹوئٹر اکائونٹ پر یہ جانکاری دی گئی ہے۔پی ایف آئی پر الزام ہے کہ یہ تنظیم غیر قانونی طریقے سے رقومات اکٹھا کررہی ہے،ای ڈی نے یہ مقدمہ این آئی اے اور پولیس کی شکایت کے بعد تحقیقات کی بنیادپر عائدکیاہے،اس سلسلے میں تنظیم کے مختلف اراکین کے ساتھ پوچھ تاچھ جاری ہے۔ان کھاتوں کو پی ایم آئی اے ایکٹ کے تحت منجمد کیاگیاہے۔اس سے قبل ای ڈی نے پی ایف آئی کے چند کارکنوں کو گرفتاربھی کیاہے اوران کی املاک بھی ضبط کی ہے۔سال2018 اور 2020 میں بھی مرکزی ایجنسیوں نے پی ایف آئی کے مختلف مراکزاور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارےتھے،اسی سال یوپی حکومت نے پی ایف آئی پر پابندی لگانے کیلئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاتھا،ساتھ ہی ساتھ ایس ڈی پی آئی پر بھی پابندی لگانے کی سفارش کی تھی۔مزید ای ڈی نےیہ خدشہ ظاہرکیاہے کہ پی ایف آئی اور بھیم آرمی کے درمیان مالی لین دین کے معاملات ہیں،جس کی جانچ کی جارہی ہے۔واضح ہوکہ رحاب انڈیا فائونڈیشن پی ایف آئی کی ذیلی تنظیم ہے جو فلاحی کاموں کو انجام دیتی آئی ہے۔