شیموگہ:۔پچھلے دنوں بی جے پی کی قومی ترجمان نپور شرما نامی عورت نے ٹائمز ناؤ نامی نیوز چینل پر ٹی وی ڈبیٹ کے دوران نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں اور ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رضی اللہ عنہا کے تعلق سے نہایت نازیبا کلمات بکے اور شدید قسم کی گستاخی کی ، اور اسی طرح ایک اور بد بخت نوین کمار جندل نامی شخص جس کا تعلق بھی بی جے پی ہی سے ہے اس نے بھی ایک گستاخانہ ٹویٹ کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے ان دونوں نے ملک کے امن کو برباد کرنے کی کوشش کی ہے اور پوری دنیا میں وطن عزیز بھارت کو بدنام کیا ہے ، جس کو لیکرملک بھر کے مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے اور اس کے خلاف پورے ملک میں اور ملک کے باہر بھی مسلمانان عالم اپنے غم و غصہ کا اظہار کر رہے ہیں اور اس تعلق سے اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے ان بد بخت گستاخان رسول، نپور شرما اور نوین کمار جندل کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہےلیکن افسوس کہ ابھی تک ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ انہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور صرف یہ کہہ کر اس معاملہ کو ٹالنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں پارٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ملک بھر کی ملی و سماجی تنظیموں کی جانب سے یہ آواز اٹھائی جا رہی ہے کہ ان گستاخان رسول ﷺ کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کر کے انہیں نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسی ناپاک حرکت کرنے کی کوشش نہ کرے۔ لہٰذ ا ان گستاخان رسول ﷺکے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کے لیےمرکزی سُنی جمعیۃ العلماء کمیٹی شیموگہ کی جانب سے 10جون بروز جمعہ کی دوپہر30.3 بجے مرکزی سُنی عید گاہ میدان میں ایک پُر امن احتجاجی پروگرام رکھا گیا ہے جس میں ڈی سی کو میمورنڈم پیش کیا جائیگا ۔ آپ تمام عاشقان رسول ﷺ سے پر خلوص التماس ہے کہ وقت مقررہ پرعیدگاہ میدان پہنچ کر اس احتجاجی پروگرام میں شرکت فرماکران گستاخان رسول کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کے لیے اپنی آواز بلند کریں اور اپنی ملی غیرت و حمیت کا ثبوت پیش کریں۔
