دہلی:۔ سپریم کورٹ نے میڈیکل پوسٹ گریجویٹ سطح کی سال 2021 کے قومی اہلیت-کم-داخلہ ٹیسٹ (نیٹ پی جی 2021) کے معاملے میں مختلف میڈیکل کالجوں میں 1456 نشستیں خالی رہنے کے باوجود انہیں بھرنے کے لئے ضروری طریقہ کار (ایم او پی) نہیں اپنانے پر امیدواروں کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد جمعرات کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس انیرودھا بوس کی تعطیلاتی بنچ نے ڈاکٹر اتھروا تنگٹکر اور دیگر کی عرضی کی سماعت کے بعد کہا کہ وہ اس معاملے میں جمعہ کو اپنا فیصلہ سنائے گی۔مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل بل بیر سنگھ نے بنچ کے سامنے عرض کیا کہ زیادہ تر خالی نشستیں ’’نان کلینکل‘‘ ہیں اور آٹھ سے نو راؤنڈ کاؤنسلنگ کے بعد بھی خالی رہیں۔
