دہلی ؍جبل پور:۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلٰہ وسلم کی شان میں بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ تبصرہ کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والی افراتفری کی صورتحال پر مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ پاکستان ان مختلف شہروں میں ہوئے تشدد کے پیچھے ہے، جہاں کل نماز جمعہ کے بعد فسادات پھوٹ پڑے، کیونکہ کچھ ممالک ہندوستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور وقار کو دیکھ کر جل رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مذہب کے نام پر یہ واقعات کچھ جنونی عناصر کے ذریعے ہو رہے ہیں۔مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل نے جبل پور میں کہا کہ سماج کو اس طرح کے تمام واقعات سے باخبر رہنا ہوگا۔ وہیں حکومت کے سامنے بھی تشویشناک صورتحال ہے۔ یہ واضح ہے کہ اس طرح کی کوششیں تمام مذاہب کی ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ ملک کے اتحاد اور سا لمیت کو خراب کرتی رہیں گی۔کانگریس سپریمو سونیا گاندھی پر ای ڈی کی بڑھتی ہوئی گرفت اور نیشنل ہیرالڈ کیس کو لے کر کانگریسیوں کے مجوزہ احتجاج پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ای ڈی کے دفتر کے باہر کانگریس کے اراکین اسمبلی کا مجوزہ مظاہرہ تحقیقات سے بچنے کے لیے ایک ڈھال ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ سونیا گاندھی کو اس معاملہ میں پارٹی کو ڈھال نہیں بنانا چاہئے، کیونکہ اگر کچھ غلط نہیں ہوا تو ان کے ساتھ بھی کچھ نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ بی جے پی کی معطل لیڈر نوپور شرما اور برطرف لیڈر نوین جندال کے پیغمبر اسلام ؐکے بارے میں اشتعال انگیز ریمارکس کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں مظاہرے کئے گئے۔ دہلی کی جامع مسجد، یوپی میں الٰہ آباد، کولکاتہ، مہاراشٹر، حیدرآباد، مہاراشٹر، بنگال، پنجاب، رانچی اور بہار سمیت کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے۔ بنگال، رانچی سمیت کئی مقامات پر تشدد بھی ہوا جہاں مظاہرین بنام پولیس جھڑپیں بھی ہوئیں ۔
