بنگلور:ملک میں روزانہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مرکزی حکومت کا عوام پرمہنگائی کا بوجھ ڈالنا قابل مذمت ہے۔اس بات کی مذمت ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی جنرل سکریٹری حبیب اللہ خان نے کیا ہے۔ انہوں نے شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اگر عوام کورونا سے مرتی ہے تو مرجائے یا پیٹ کی بھوک سے مرتی ہے تومرجائے، لیکن مرکزی حکومت کا ارادہ لوگوں کو صرف اورصرف لوٹنا ہی ہے۔پورا ملک کورونا کے دہانے پر ہے۔ان مشکل اوقات میں تیل کی قیمت بڑھانے والی مرکزی حکومت لوگوں کی مشکل کو نہیں سمجھ رہی ہے۔ ملک کی عوام کا یہ حال ہے کہ ایک وقت کی روٹی کاانتظام کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے۔ ایسے میں مرکزی حکومت دن بہ دن پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔اس کے ساتھ ہی ریاست میں پٹرول کی قیمت 92.67 روپے سے بڑھ کر 97.58 روپے ہوگئی ہے۔کچھ دن ایسے ہی چلتارہا تو 100 روپئے کو بھی پار کرجائےگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میںسال 2018 میں آئے قدرتی آفات کی بنیاد پر کسانوں کے قرضوں کی معافی کیلئے دبائو ڈالاگیا تھا ۔یہ سیس ابھی بھی جاری ہے اور اسے فوری طور پرروکتے ہوئے کورونا ریلیف فنڈ میں منتقل کردیا جانا چاہئے۔ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کےجنرل سکریٹری، حبیب اللہ خان نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عوام پر بوجھ ڈالنا چھوڑکر پٹرول کی قیمتوں میں کمی لانے کا کام کریں۔
