قومی تعلیمی پالیسی کو نافذ کرنے میں کوئی جلدی نہیں:اشوتھ نارائن

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلور:(انقلاب نیوزبیورو):۔ ہائیر ایجوکیشن کے وزیر ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن نے اپوزیشن کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو نیشنل ایجوکیشن پالیسی (این ای پی) -2020 پر عملدرآمد کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ حکومت اور محکمہ تعلیم مخلصانہ طور پر دن رات ایک کر کے اس پر عمل درآمد کی تیاری کر رہے تھے۔ تیاریوں کی تکمیل کے بعد یہ احساس ہوا کہ کرناٹک ملک کی پہلی ریاست بن سکتی ہے جو اسے نافذ کرے۔ وہ اتوار کو محکمہ اعلیٰ تعلیم، کالجیٹ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام ٹیچر ڈے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات کی تردید کی، جو تنقید کر رہے ہیں کہ ریاستی حکومت پالیسی پر عمل درآمد میں جلدی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 135 کروڑ کی بڑی آبادی والے ہندوستان جیسے وسیع ملک کو علمی معیشت بننے کے لیے تعلیم کے ذریعے آنے والی نسل کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔ ورنہ ہم نجکاری اور عالمگیریت کے دور میں پیچھے رہ جائیں گے۔ جاپان، جرمنی، امریکہ اور چین جیسے ممالک نے تعلیم کی وجہ سے ترقی حاصل کی ہے۔ اب ہندوستان NEP کے ذریعے معیاری تعلیم فراہم کرکے ترقی یافتہ ملک بننے کی خواہش رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اعلیٰ تعلیم میں اساتذہ کی تقرری اور تبادلے کے عمل میں شفافیت برقرار رکھی ہے۔ NEP تعلیمی اور انتظامی خودمختاری کو ادارہ جاتی سطح تک لے جا سکے گا۔رام کرشن ویویکانند آشرم، توماکورو کے سوامی وریشانند سرسوتی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ این ای پی جس کا مقصد طلباء کو علم، مہارت اور اقدار فراہم کرنا ہے، ہندوستان کی نئی تعریف کرے گا۔