غزہ : جمعہ کے روز سے شروع ہونے والے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلیم) میں مسجد اقصیٰ سے شروع ہونے والا تشدد کا سلسلہ اب غزہ کی پٹی تک پھیل گیا ہے۔ غزہ سے فلسطینی مزاحمت کاروں نے یروشلیم اور اسرائیل کے جنوبی علاقے کی جانب راکٹ فائر کیے ہیں۔اس کے ردعمل میں اسرائیلی فوج نے غزہ پر فضائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں نو بچوں سمیت بیس فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس حملے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔غزہ کی حکمراں حماس نے اسرائیل کو مسجد اقصیٰ سے سکیورٹی فورسز کا ہٹانے کے لیے سوموار کی شام چھے بجے تک کا الٹی میٹم دیا تھا اور مطالبہ تسلیم نہ ہونے کی صورت میں راکٹ حملوں کی دھمکی دی تھی۔اس الٹی میٹم کا وقت گزرجانے کے بعد غزہ کے نواحی علاقوں اور یروشلیم میں انتباہی سائرن بجائے گئے تھے۔اسرائیل نے سوموار کو یوم یروشلیم منایا ہے۔یہ دن اسرائیل کے اس مقدس شہر پر 1967ء کی چھے روزہ جنگ میں قبضے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔اس موقع پر مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی تشددآمیز کارروائیوں میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔
