شیموگہ:۔جن نرم منصوبے کے تحت شیموگہ کے مختلف علاقوں میں کے ایس آرٹی سی کے ذریعے سے سٹی بس کی سہولت فراہم کی گئی تھی،قریب تین سال پہلے ان خدمات کوآغازہواتھا۔لیکن کوروناکے لاک ڈائون کے دوران ان خدمات کو معطل کیاگیاتھا۔اب جبکہ کوروناکے لاک ڈائون اور تمام پابندیاں ختم ہوچکی ہیں،باوجوداس کے سٹی بسوں کی سہولت کو دوبارہ شروع نہیں کیاگیاہے اورکے ایس آر ٹی سی جن نرم منصوبےکے ماتحت منظورشدہ بسوں کو دوسرے علاقوں کیلئے مختص کررکھاہے۔حالانکہ اس قدم سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہاہے اورمجبوراً مہنگے داموں میں آٹو رکشا میں سفرکررہے ہیں،لیکن اس سمت میں آواز اٹھانے کیلئے کوئی بھی تیارنہیں ہے۔سرکاری سٹی بسوں کی معطلی سے زیادہ اثر مسلم اکثریتی علاقوں اور شہرکے مضافاتی علاقوں پر پڑرہاہے۔جب یہ خدمات شروع کی گئی تھی تو اُس وقت گوپالا،الیاس نگر،تنگانگر،چالوکیا نگر، نیومنڈلی ، بس اسٹانڈ،نہروروڈ،بالراج ارس روڈسے راگی گڈا تک اور دوسری لائن سولے بیل، وادی ہدیٰ ،نیومنڈلی، بس اسٹانڈ ، تیسری لائن گوپالا،ٹیپونگر،بس اسٹانڈ،اسی طر ح سے مختلف علاقوں سے جن نرم منصوبےکی سرکاری سٹی بسوں کو جاری کیاگیاتھا۔لیکن اب یہ بسیں بھدراوتی ودیگر تعلقہ جات کیلئے مختص کئے گئے ہیں،سیدھے طور پر ان بسوں کاغلط استعمال ہورہاہے،لیکن بس کی خدمات کو بحال رکھنے کیلئے کسی نےبھی کے ایس آر ٹی سی سے مطالبہ نہیں کیاہے اورنہ ہی سیاسی وسماجی قائدین اس کا کوئی خیال ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عام لوگوں کو سہولت پہنچانے کی خاطر سرکاری سٹی بس سہولت کو شروع کرنے کامطالبہ کیاجائے۔
