جنوبی کنڑ ضلع کے 5000 افراد اسرائیل میں پھنسے، وزیر اعلیٰ سدارمیا نے اٹھایا بڑا قدم

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان جاری جنگ ہر دن کے ساتھ خوفناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اس درمیان پتہ چلا ہے کہ کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع سے تقریباً 5000 لوگ جنگ متاثرہ اسرائیل میں پھنسے ہوئے۔ وزارت خارجہ کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق ان سبھی کو محفوظ وطن واپس لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔اس درمیان حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرناٹک کی سدارمیا حکومت نے اسرائیل میں مدد کی ضرورت والے ریاست کے پھنسے لوگوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے کرناٹک ریاستی ایمرجنسی آپریشن سنٹر بھی قائم کیا ہے جو لگاتار اسرائیل میں پھنسے لوگوں کی جانکاری لے رہا ہے اور ان کے اہل خانہ کو تازہ حالات کے بارے میں بتا رہا ہے۔اسرائیل میں جنوبی کنڑ ضلع کے تقریباً 5000 لوگوں کے پھنسے ہونے کی جانکاری دیتے ہوئے کرناٹک بی جے پی صدر اور رکن پارلیمنٹ نلن کمار کتیل نے بتایا کہ مجھے جنوبی کنڑ ضلع کے تقریباً 5000 لوگوں کے اسرائیل میں ہونے کی جانکاری ہے۔ میں نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو خط لکھا ہے۔ ان سبھی کو بحفاظت وطن واپس لایا جائے گا۔نلین کمار کتیل نے کہا کہ وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ کسی کو نقصان نہ ہو اور مرکزی حکومت انھیں ہندوستان واپس لائے گی۔ میں نے مرکزی وزیر مملکت برائے خارجہ اور پارلیمانی امور کے وزیر وی مرلی دھرن سے بھی بات کی ہے۔ میں نے جنوبی کنڑ کے انچارج ڈپٹی کمشنر کو پھنسے ہوئے لوگوں کی پوری تفصیل حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔نلین کمارکٹیل نے کہا کہ اسرائیل میں پھنسے لوگوں کے گھر والے فکرمند ہیں۔ اسرائیل میں محفوظ ہونے کے باوجود بھی ایک خوف کا ماحول ہے۔ روس-یوکرین جنگ کے دوران بھی ایسی ہی حالت تھی۔ ہم یہاں ان طلبا کی رہائش گاہوں پر گئے تھے جو یوکرین میں پھنس گئے تھے۔ تب مودی حکومت نے ہندوستانیوں کو بچایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں اس معاملے پر سفارتخانہ کے رابطے میں ہوں۔