ریاض:۔جدہ میں سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ حج سیزن کے آغاز سے کل اتوار تک شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہیلتھ کنٹرول سینٹرز کے ذریعے تقریباً 169,000 عازمین حج کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی طبی معاونت اور ان کی صحت کی چھان بین کے دوران انہیں پولیو، گردن توڑ بخار کے ٹیکے بھی لگائے گئے۔ طبی ٹیموں نے تھرمل کیمروں کے ذریعے حجاج کے درجہ حرارت کی پیمائش کے علاوہ ان کے ضروری علاج معالجے میں بھی مدد کی۔ شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حج سیزن کے لیے محکمہ صحت کے 2900 کارکنوں کے ذریعے طبی امداد فراہم کی جار ہے۔اس دوران صرف ایک کیس کو مزید علاج کے لیے شاہ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس کو ریفر کیا گیا ہے۔جدہ کے محکمہ صحت نے بر وقت سال 1443ھ کے حج سیزن کے لیے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ہیلتھ کنٹرول سینٹرز میں حجاج کو وصول کرنے اور ان کی خدمت کے لیے تمام تیاریاں اور سامان مکمل کر لیا تھا۔ جدہ ہیلتھ اپنے منصوبے کی کامیابی کے لیے حجاج کرم کو صحت کی ضروری سروسز فراہم کرتی ہے۔محکمہ صحت کی طرف سے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی طبی امداد کے لیے پانچ میڈیکل سینٹر قائم ہیں جن پر400 ہیلتھ ورکرز تعینات ہیں۔ یہ مراکز ہوائی اڈے کے مرکزی ہال، ڈی پورٹیشن ہال، جنوبی پلیٹ فارم نمبر ون اور شمالی پلیٹ فارم پر قائم ہیں۔ ان طبی مراکز کوجدید ایمبولینسوں اور جدید طبی آلات اور مشینری سے لیس کیا گیا ہے۔
