بھٹکل:۔بھٹکل میونسپالٹی کی عمارت پر تین روز پہلے لگائے گئے بورڈ پر سے آج بالاخر اُردو عبارت کو ہٹادیا گیا اور عبارت کو نکالنے کیلئے میونسپالٹی کی خصوصی طور پر بلائی گئی جنرل بوڈی میٹنگ کا بھی انتظار نہیں کیا گیا ۔ جس کو لے کر مقامی مسلمانوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔تین روز قبل یعنی 27 جون کو میونسپالٹی کی تزئین کردہ عمارت پر جب ٹاون میونسپل بھٹکل کا بورڈ اویزاں کیا جارہا تھا، تو پرانی عمارت پر موجود بورڈ کی طرح کنڑا اور انگریزی کے ساتھ آخر میں اُردو عبارت بھی موجود تھی، جس پر سنگھ پریوار کے کارکنوں اور بی جے پی ممبروں نے سخت اعتراض کرتے ہوئے اُسی وقت اُردو عبارت کو ہٹانے کیلئے ہنگامہ برپا کیا تھا، جس کے فوری بعد مسلم نوجوان بھی موقع پر جمع ہوگئے اور اُردو عبارت کی حمایت کرنے لگے، دونوں کمیونٹی کے لوگ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آنے پر معاملہ خراب ہوتے ہوتے رہ گیا اور پولس نے جلد ہی حالات پر قابو پالیا۔ دوسرے دن کافی احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے بعد بھٹکل اسسٹنٹ کمشنرنے واضح کیا تھا کہ میونسپالٹی کی فوری طور پر دوبارہ جنرل بوڈی میٹنگ بلائی جائیگی اور نئے سرے سے قرار داد منظور کرکے اُسے ڈپٹی کمشنر کو روانہ کیا جائیگا اور ڈپٹی کمشنر کی طرف سے حتمی فیصلہ ہونے تک میونسپالٹی دفتر کی عمارت پر نصب کردہ بورڈ کے معاملے کا جوں کا توں برقراررکھا جائے گا۔اُس مناسبت سے شام چار بجے میونسپالٹی کی جنرل بوڈ ی میٹنگ منعقد کی گئی تھی، مگر میٹنگ سے پہلے ہی ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن اور ضلع کی ایس پی ڈاکٹر سُمن پنیکر بھٹکل پہنچی اور بھٹکل میں پولس کا سخت بندوبست کرتے ہوئے پہلے تعلقہ انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی، پھر میونسپل صدر اور بعض کونسلروں کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے فیصلہ سنایاکہ بورڈ پر صرف کنڑا اور انگریزی میں لکھا جاسکتا ہے، اُردو کی اجازت بالکل نہیں ہے، اسی طرح ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ میونسپالٹی کا بورڈ بغیر کسی قرارداد اور چیف آفسر کی منظوری لئے بغیر لگایا گیا ہے، اس لئے بورڈ کو نکالنے کا حکم دیا جاتا ہے۔ میونسپالٹی حکام کے ساتھ میٹنگ کے بعد قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران سے بھی میٹنگ کی اور اُنہیں بھی بتایا کہ سرکاری عمارتوں کے بورڈ پر اُردو عبارت کی اجازت نہیں ہے۔ اس طرح میونسپالٹی کی میٹنگ سے پہلے ہی دوپہر قریب دو بجے میونسپل چف آفسر نے فائر بریگیڈ کے عملہ کی مدد سے میونسپالٹی عمارت پر نصب کردہ اُردو عبارت کو ہٹادیا۔واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک طرف تنظیم صدر ایس ایم پرویز اور عنایت اللہ شاہ بندری نے سخت ناراضگی ظاہر کی وہیں میونسپل صدر قاسمجی پرویز اور دیگر کونسلروں نے بھی اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے معاملےپر خاموش نہ بیٹھنے کا یقین دلایا۔ڈپٹی کمشنر کی بھٹکل آمد کو دیکھتے ہوئے بھٹکل رابطہ سوسائٹی کی طرف سے بھی اُردو بورڈ کونہ ہٹانے کی درخواست کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا گیا مگر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اُردو بورڈ لگانے کی قانون میں اجازت نہیں ہے، لہٰذا بھٹکل کے عوام کو انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔واقعے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ضلعی صدر محمد توفیق بیری نے بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک پر الزام لگایا کہ وہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے بھٹکل میں حالات خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ سب کچھ اُن کا ہی کیا دھرا ہے۔ انہوں نے اس تعلق سے بھٹکل ایس پی کے نام ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں پولس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خود معاملے کو لے کر بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک کے خلاف کیس درج کرے۔شام چار بجے حسب اعلان میونسپالٹی کی جنرل بوڈی میٹنگ منعقد کی گئی اور میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کی طرف سے بورڈ پر سے اُردو عبارت کو ہٹانے پر سخت مذمت کی گئی اور اس تعلق سے قانونی ماہرین کی صلاح کے بعد عدالت یا پھر اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے اُردو عبارت کو واپس لگانے کی کوشش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
