بنگلور :۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات قبل از وقت ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں ، اسمبلی کی میعاد ختم ہونے کے لئے ابھی 9 ماہ باقی ہیں ایسے میں کانگریس ، جے ڈی یس اور بی جے پی کی سیاسی سرگرمیاں اس بات کی طرف اشارہ کررہی ہیں کہ ریاست میں اسی سال انتخابات ہونگے ۔ موجودہ اسمبلی کی میعاد 2023 کے اپریل 24 کو ختم ہونے والی ہے لیکن تینوں ہی سیاسی جماعتیں انتخابات کی ریہرسل شروع کرچکی ہیں ۔ اس سال کے آخر میں مختلف ریاستوں میں بھی اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور انہیں انتخابات میں کرناٹک بھی شامل ہوسکتاہے ۔ کرناٹکا میں اسمبلی انتخابات کے تعلق سے بی جے پی ہائی کمان فیصلہ لے سکتی ہے ۔ بی جے پی جہاں دوبارہ اقتدار میں آنے کی تیاری میں ہے وہیں کانگریس اپنی کھوئی ہوئی طاقت کو حاصل کرنے کے لئے جد و جہد کررہی ہے ۔ وہیں جے ڈی یس بھی اکثریت حاصل کرنے کے لئے ابھی سے کام پر لگ چکی ہے ۔ اس وقت جس جنگی پیمانے پر بیان بازیاں ، احتجاجات اور سرگرمیاں دکھائی دے رہی ہیں اس سے یہ بات صاف ہے کہ کوئی بھی پارٹی 2023 تک انتظارکرنے کے لئے تیار نہیں ہے اور اسمبلی حلقوں میں مناسب امیدواروں کے لئے تلاش بھی شروع ہوچکی ہے اور جہاں امیدوار پہلے سے ہی طئے ہیں انہیں اپنے حلقوں میں سرگرم ہونے کے لئے تینوں ہی پارٹیاں اشارہ دے چکی ہیں ۔
