کسان رابطہ مراکز میں کھاد کی دستیابی کو یقینی بنائیں:ڈپٹی کمشنر

ڈ سٹرکٹ نیوز
شیموگہ: ضلعی کسانوں کوکھیتوںکیلئے کھاد وافر مقدار میں دستیاب کی جارہی ہے افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسانوں کو مناسب مقدار میں کھاد کی دستیابی ہورہی ہے یا نہیں۔ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آر سیلوامنی نے کیا ہے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ زراعت کے افسران کے ساتھ ضلع میں کھاد کی دستیابی کے سلسلے میںخصوصی نشست کی۔ضلع کی ضرورت کے مطابق مختلف درجات کی کھادیںوقفہ وقفہ سے فراہم کی گئی ہیں۔ 103857 میٹرک ٹن کھاد کی ضرورت ہے۔اب تک 64130 میٹرک ٹن کھاد کی سپلائی کی گئی ہے۔ اس میں 47910 میٹرک ٹن کھاد تقسیم کی گئی ہے اور 16220 میٹرک ٹن کھاد کا ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے تمام رابطہ مراکز پر کھاد کی مناسب دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ زراعت کے افسران باقاعدگی سے کسان رابطہ مراکز کا دورہ کریںاورکھاد اور بیجوں کی دستیابی کا معائنہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ کالابازاری پرنگاہ رکھتے ہوئے ملاوٹ شدہ کھادوں کی فروخت پر نظر رکھی جائے اور مسلسل معائنہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کے معیار کے بارے میں شکایات ملنے پر فوری تحقیقات کی جائیں اور ایسے معاملات میں کرمنل مقدمات درج کیے جائیں۔ کسانوں کے رابطہ مراکز پرکھاد کے موجودہ ذخیرہ کی تفصیلات شائع کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بونےوالے بیجوں کی غیرمعیاری فراہمی کی شکایات ہیں تو اس کی چھان بین کر کے مناسب کارروائی کی جائے۔ مزید بتایاکہ شدید بارشوں سے ضلع کے مختلف حصوں میں پیش آنے والے فصلوں کے نقصان کے بارے میں ایک جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ سروے کرکےمکمل رپورٹ پیش کریں۔ تالابوں کا پانی کم ہوتے ہی فصلوں کے نقصان کا سروے شروع کیا جائے۔ فصل کے نقصان پراین ڈی آر ایف کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے۔ فصلوں کو نقصان سے متاثرہ کسانوں کو مناسب معاوضہ کی تقسیم کیلئے اقدامات کیے جائیں۔میٹنگ میں محکمہ زراعت کے ضلعی اور تعلقہ سطح کے افسران موجود تھے۔