شیموگہ :شہر کے رائل آرکیڈ ہوٹل کے فنکشن ہال میں گلوبل انسٹیٹیوٹ آف پیرا میڈیکل سائنس کاپہلی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی حصہ لینے والےمیٹرو اسپتال کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر تیجسوی ٹی نے جلسہ سے مخاطب ہوتے ہوئے بتایا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات طبی شعبے میں اہم ہے ۔ ڈاکٹرس کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے پیرامیڈیکل اسٹاف پر منحصر رہتے ہیں۔ شیموگہ شہر ان دنوں طبی مرکز بنتا جارہا ہے اوریہاں پیرا میڈیکل اسٹاف کی مانگ ہر سال بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں ڈاکٹر عرفان اور انکی ٹیم نے ایک بہترین فیصلہ لیتے ہوئے گلوبل انسٹیٹیوٹ آف پیرا میڈیکل سائنس نامی ایک ادارہ قائم کیا ہے۔ جلسہ میں شریک ایک اورمہمان خصوصی روزنامہ آج کا انقلاب کےچیف رپورٹراور پرنٹرمحمد لیاقت نے گلوبل انسٹیٹیوٹ آف پیر ا میڈیکل سائنس کے تمام اراکین اورادارے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ ہماری قوم میں کے بی بشیر احمد اور ڈاکٹر عرفان جیسے قابل تعریف شخصیات موجود ہیں جن کی کاوشوں سے قوم وملت کی فلاح وبہبودی ہورہی ہے۔ خاص کر شہر شیموگہ میں ڈاکٹرعرفان کی شخصیت کسی تعریف کی محتاج نہیں ہے، آج ہماری قوم میں اخلاق اورتعلیم کا فقدان ہے یہ ادارہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے۔یہ کالج ہماری قوم کو ایکطرف تعلیم اورروزگار سے جوڑ رہاہے دوسری طرف قوم وملت کو خدمت کا بہترین ذریعہ فراہم کررہاہے۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ طبی میدان میں جہاں غیر یقینی طورپر ترقی ہورہی ہے وہیں دوسری طرف ایک المیہ یہ بھی ہے کہ یہ عظیم پیشہ بکائو بن چکا ہے پوری طرح تجارتی بن چکا ہے۔ ہماری قوم کو ڈاکٹر اوردیگر افراد کی اشد ضرورت ہے۔ اس کمی کو محسوس کرتےہوئے کے بی بشیراحمد اورڈاکٹر عرفان نے اس قلت کو پُر کرنے کی بہترین کوشش کی ہے ۔ انہوں طلباء سے کہا کہ اپنے شعبہ میں ترقی کریں اور اپنے پیشہ سے وفاکرتے ہوئے قوم وملت کی ترقی اور خدمت میں گامزن رہیں۔ ایک اور مہمان خصوصی سہیادری نارائن اسپتال کے ڈائریکٹر و رگیش پی جان نے کہا کہ میڈیکل فیلڈ ایک خدمت کا میدان ہے،جہاں ہمیں کام کے ساتھ ساتھ لوگوں کی خدمت کا موقع بھی ملتا ہے۔کالج کے بانی وچیرمین کے بی بشیر احمد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ طالب العلم کی زندگی ،ہر فرد کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہوتا ہے طلباء کو زیادہ سے زیادہ وقت پڑھائی میں لگانا چاہئے۔ آخر میں سونا ہونڈہ کے قادر باشاہ نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں بھی ملوث ہونا چاہئے ۔ موبائل کا استعمال صرف ضرورت پڑنے پرہی کرنا چاہیے کیونکہ موبائل سے مضر اثرات کا بھی سامنا کرناپڑسکتا ہے۔اس موقع پر قادر باشاہ ، ادریس شریف، محمد صابر تاج پیر اور ٹیچنگ اسٹاف اورنان ٹیچنگ اسٹاف تمام موجودتھے۔
