شیموگہ :اشیائے ضروری پر جی ایس ٹی کے نفاذ کے خلاف آج سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی )کی جانب سے شہر کے مہاویرسرکل میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔پارٹی کے مظاہرین نے اپنے احتجاج کے مقصد کو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دودھ، دہی اور چھاچھ جیسی ضروری اشیائے پر مرکزی حکومت نے جی ایس ٹی عائد کرکے بہت غلط کیا ہے۔ انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی کے نفاذ کا مطلب غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کے برابر ہے۔ چاول اور دھان سمیت روزمرہ کیلئے ضروری اشیاءپر جی ایس ٹی کا نفاذ قابل مذمت ہے۔پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام پہلے ہی حیران ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اس ملک کو شری لنکا بنانے جا رہی ہے۔ایس ڈی پی آئی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پراشیائے ضروری پر عائد جی ایس ٹی واپس لیا جائے، عوامی مفادات والی اسکیمیںنافذ کی جائے۔ ساتھ ہی پارٹی اراکین نے انتباہ کیا کہ اگرجلد ہی مرکزی حکومت اپنا فیصلہ واپس نہیں لیتی ہے توآنے والے دنوں میں اسکے خلاف شدید جدوجہد کی جائیگی۔
