شیموگہ:۔ کورونا کی دوسری لہر پورے ملک میں اس قدر تیزی سے پھیل رہی ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں بگڑتے حالات پر قابو پانے اور کورونا متاثرین کی زندگیاں بچانے، ویکسین ،بیڈ ، آکسیجن اور وینٹی لیٹر کی فراہمی میں پوری طرح ناکام ہوئی ہیں ۔یہ الزام ضلع یوتھ کانگریس نے مرکزی اورریاستی حکومت کی سخت مذمت کرتے ہوئے لگایا ہے۔یوتھ کانگریس نے آج ضلع انتظامیہ دفتر کے بالمقابل احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ صدر ہند کو میمورنڈم پیش کیا ہے۔انہوں الزام عائد کیاکہ 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر شخص کوویکسین دینے کا وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے۔لیکن پہلے مرحلے میں 45 سال سے 60 سال کے درمیان والوں کو بھی ابھی تک ویکسین نہیں مل رہی ہے۔ جو لوگ پہلی خوراک لے چکے ہیں وہ دوسری خوراک کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے یکم مئی سے ویکسین مہم کا آغاز کیاہے۔ لیکن اب حکومت کے چیف سکریٹری اعلان کررہے ہیں کہ یہ ویکسین مئی کے تیسرے اور چوتھے ہفتہ میں موصول ہوگی۔ لیکن وزیر صحت کہتے ہیں کہ ابھی 15 دن کیلئے بھی ویکسین باقی نہیں ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں ویکسین دینےمیں ناکام رہی ہیں اور لوگوں کی موت کے لئے براہ راست ذمہ دار ہیں۔ ریاست میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے لیکن تارکین وطن مزدوروں اور غریبوں کیلئے کسی طرح کامخصوص پیکیج کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ان حالات کو دیکھیں تو واضح ہوجائےگا کہ یہ ایک غیر ذمہ دار حکومت ہے۔مزید بتایا کہ اپوزیشن جب عوام کیلئےراحت کا مطالبہ کرتی ہے تو غیر ذمہ دارانہ بیانات ملتے ہیں۔جو قومی تباہی کی صورت میں لوگوں کی جان ومال کا تحفظ نہیں کرتی ہےایسی عوام مخالف مرکزی اورریاستی حکومت کو منسوخ کرنے پر ڈسٹرکٹ یوتھ کانگریس نے دبائو ڈالاہے۔ اس موقع پر یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری گوڑا، ایم ، پروین کمار ، یوتھ کانگریس کے ضلعی صدر ایچ پی گریش ،شیموگہ کارپوریشن کے ممبر ایچ سی یوگیش سمیت دیگر کئی افراد موجودتھے۔
