مندروں پر بی جے پی حکومت مہربان،مندروں کی ترقی کیلئے165 کروڑ روپئے منظور

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ریاست میں اس وقت برسات کی وجہ سے ہزاروں ایکر فصلیں تباہ ہوچکی ہیں اور کسان پریشان حال ہیں۔ریاست کے مختلف مقامات پر سڑکیں،مکانات سب آبدوز ہوچکے ہیں، مگر کرناٹک حکومت نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے مندروں ومٹھوں کو مالدار بنانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے،اسی کے چلتے ریاستی حکومت نے ریاست کے مختلف سماج کے مٹھ ،مندر اور ہندوتنظیموں کی سرگرمیوں اورترقی کیلئے164.67کروڑ روپئے منظورکئے ہیں۔ریاست کے ہر ایک مندرکو3کروڑ روپیوں سے لیکر5کروڑروپیوں تک کی رقم منظورکی گئی ہے ۔ مندروں کے علاوہ مٹھوں اور ہندوتنظیموں کیلئے بھی بڑے پیمانے پر رقومات جاری کئے گئے ہیں۔ریاست کے بیشتر مندر مالدارمندر وں میں شمارہوتے ہیں او رکئی مٹھ ایسے بھی ہیں جن کی املاک کروڑوں روپیوں میں تولی جاتی ہے۔یہاں مندروں سے زیادہ مٹھوں کو لاکھوں روپیوں سے نوازا گیاہے ، ریاست کے جملہ 180 مٹھوں کیلئے100کروڑ روپئے منظورکئے گئے ہیں جبکہ 59 مندروں کو21 کروڑ35 لاکھ روپئے دئیے گئے ہیں۔اسی طرح سے مختلف اداروں کیلئے7کروڑ20 لاکھ روپئے منظورکئے گئے ہیں اورٹرسٹ و سوسائٹیوں کیلئے13 کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی ہے ۔ مٹھوں اور مندروں کے ماتحت آنےو الے تعلیمی اداروں کیلئے 11 کروڑ،جبکہ پسماندہ طبقات کے مٹھوں کیلئے1 کروڑ 60 لاکھ روپئے دئیے گئے ہیں۔محکمہ مالیات کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں بتایاگیاہے کہ ان تمام مندروں او رمٹھوں کیلئے رقومات فوری طورپر جاری کی جائینگی۔