ہر طبقے کے لوگ چاہتے ہیں کہ سدارامیا ایک باراور وزیر اعلیٰ بنیں: ضمیر احمد

اسٹیٹ نیوز
بنگلورو:۔سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کودوبارہ ریاست کا وزیر اعلیٰ بنانے کے متعلق چامراج پیٹ کے رکن اسمبلی ضمیر احمد خان کا بیان ان کے اور کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار کے درمیان لفظی جنگ کا موضوع بن گیا ہے۔بیلگاوی میں ضمیر احمد خان نے اس بات کو دہرا یا کہ ریاست کے عوام چاہتے ہیں کہ سدارامیا ایک باراور وزیر اعلیٰ بنیں۔جس پر سخت برہم ہو کر شیو کمار نے یہاں تک دھمکی دی کہ اگر انہوں نے ایسی بیان بازی جار ی رکھی تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ اس دوران ضمیر احمد خان نے بیلگاوی میں کہا کہ ڈی کے شیو کمار کا یہ بیان کہ زبان بند کر کے پارٹی کے لئے کام کریں تمام کے لئے تھا صرف ان کے لئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی کے شیو کمار نے ان کو ذاتی طور پر ایسا کچھ نہیں کہا اور اگر وہ کہیں بھی تو بڑے ہیں ایسا کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیو کمار نے صرف اتنا کہا ہے کہ سب سے پہلے پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے کام کریں۔ضمیر احمد نے کہا کہ ریاست کے مسلمانوں کا بہت بڑا طبقہ چاہتا ہے کہ سدارامیا دوبارہ وزیر اعلیٰ بنیں، اسی احساس کو انہوں نے پیش کیا ہے، لیکن اس معاملہ میں پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے جو فیصلہ لیا جائے گا وہی قطعی ہوگا۔اس معاملہ میں ہم کچھ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ سدارامیا اتسوا پروگرام کے لئے مسلمانوں کو زیادہ تعداد میں جمع کرنے کے مقصد سے وہ ریاست کے شمالی حصہ کے دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران انہوں نے دیکھا ہے کہ سدارامیا کو مسلمانوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے۔ انہوں نے صرف یہی بات دہرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ چاہتا ہے کہ انتخابات کے بعد وزیر اعلیٰ ان کا نمائندہ ہو۔ وکلیگا فرقہ سے وزیر اعلیٰ بنے یہ بات سب سے پہلے ڈی کے شیو کمار نے ہی کہی تھی۔