شیموگہ:ہرگھر ترنگا ابھیان کے تحت 13اگست سے 15اگست تک ضلع کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری تنظیم واداروں، دفاتر کی عمارتوں اورہرجگہ قومی ترنگا لہرانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آر سیلوامنی نے کیا ہے۔ انہوں نے آج اپنے دفتر میں نامہ نگاروں سے ملاقات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ہرگھر ترنگا ابھیان ‘‘ـکو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن تیاریاں کی جائیںگی ۔ ملک کی آزادی کے امرت مہوتسوا کے موقع پرملک کے ہر ایک گھر پر 13سے 15اگست تک ترنگا لہرانے اوراپنی حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے کی خاطر مرکزی حکومت نے ـــ’’ہر گھر ترنگا‘‘کے نعرے کے ساتھ ایک مہم شروع کی ہے۔ اس سے ضلع کے ہر ایک گھر ، سرکاری دفتروں کی عمارتوں، غیر سرکاری تنظیم، اداروں، کاروباری مراکز پر اپنے ترنگے کو لہرانے کی تیاریاں کرلی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی محبت کا ثبوت پیش کرنے والے اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 2 نوڈل آفیسر کاتقرر کیا گیا ہے۔ شہری اداروںکے حدود میں اور دیہات پنچایت سطح پر منظم طریقے سے ہر گھر پر ترنگا لہرانے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناگیندر ایف ہوناہلی، پلاننگ ڈائریکٹر کری بھیمنا ، موکوپہ نور وغیرہ موجودتھے۔
